جھارکھنڈ: لوہردگّا میں پرساد کھانے سے 40 بچوں کی حالت خراب، اسپتال میں بھرتی
لوہردگّا کے ایک اسکول میں گزشتہ روز سرسوتی پوجا کا انعقاد کیا گیا تھا، جہاں پرساد کھانے سے 40 بچے بیمار ہوگئے، خبروں کے مطابق پرساد کھانے کے بعد بچوں نے خون کی قے کرنی شروع کر دیں۔
جھارکھنڈ کے لوہردگّا میں پرساد کھانے سے تقریباً 40 بچوں کی اچانک طبیعت خراب ہوگئی، جس کے بعد آناً فاناً میں بچوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا، خبروں کے مطابق لوہردگّا بھنڈرا روڈ پر ايٹا گاؤں واقع لٹِل چیمپس سوامی وویکانند پبلک اسکول میں گزشتہ اتوار کے روز سرسوتی پوجا کا انعقاد کیا گیا تھا، پروگرام کے بعد طالبا کو پرساد تقسیم کیا گیا، جسے کھانے کے بعد 40 بچے بیمار پڑ گئے اور انہیں خون کی قے آنے لگیں، آناً فاناً میں موقع پر پہنچی پولس نے ان بچوں کو صدر اسپتال میں داخل کرایا۔
صدر اسپتال میں ڈاکٹر ایس ایس خالد اور ڈاکٹر سنجے پرساد نے کہا کہ ’’تمام بچوں کا علاج جاری ہے، ان بچوں کی عمر 4 سال سے 12 سال کے درمیان ہے‘‘۔ اس واقعہ کے بعد اسکول انتظامیہ کا کوئی بھی رکن نہ تو صدر اسپتال پہنچا اور نہ ہی اسکول پہنچنے کی زحمت گوارا کی، جس کے بعد ناراض رشتہ داروں میں اسکول انتظامیہ کے تئیں کافی غصہ پایا جا رہا ہے۔
معاملے کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایس ای اور سب ڈی ای او رتن کمار مہاوار صدر اسپتال پہنچ کر بیمار بچوں کی صورتحال کا جائزہ لیا اور ان کے اہل خانہ سے بات چیت کی، انہوں نے بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کرنے کے بعد اسکول انتظامیہ پر سخت کارروائی کی جائے گی، انہوں نے کہا کہ بچوں کے مستقبل اور جان کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت کسی کو بھی نہیں ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔