پٹنہ میں جنتا دل یو ریاستی سکریٹری کا برسرعام گولی مار کر قتل، جرائم پیشے فرار

چار سے پانچ جرائم پیشے بائیک پر سوار ہو کر آئے تھے اور واقعہ کو انجام دینے کے بعد بائیک پر ہی سوار ہو کر فرار ہو گئے، اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد مقامی لوگوں میں سخت غصہ ہے۔

دیپک کمار مہتا کا برسرعام قتل
دیپک کمار مہتا کا برسرعام قتل
user

قومی آواز بیورو

بہار میں جرائم پیشوں کے بلند حوصلے ریاستی حکومت کے نظامِ قانون کو ٹھینگا دکھا رہے ہیں۔ اس کی تازہ مثال ہے اس وقت دیکھنے کو ملی جب داناپور سٹی کونسل کے نائب صدر اور جنتا دل یو کے ریاستی سکریٹری دیپک کمار مہتا کا برسرعام قتل کر دیا گیا۔ واقعہ کو انجام دے کر جرائم پیشے فرار ہو گئے۔ پولیس فی الحال جرائم پیشوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ ماری کر رہی ہے۔

پولیس کے ایک افسر نے منگل کو بتایا کہ دیپک پیر کی شب ناصری گنج واقع اپنی رہائش کی چہاردیواری کے اندر ٹہل رہے تھے تبھی گھر کے مین گیٹ کے پاس جرائم پیشوں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں اور فرار ہو گئے۔ مقامی لوگوں کی مدد سے دیپک کو ایک پرائیویٹ اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔


بتایا جا رہا ہے کہ چار سے پانچ جرائم پیشے بائیک پر سوار ہو کر آئے تھے اور واقعہ کو انجام دینے کے بعد بائیک پر ہی سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد مقامی لوگ بہت غصے میں ہیں اور سڑک پر نکل کر ٹریفک جام کر دیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا۔ بعد میں کسی طرح ان لوگوں کو سمجھا کر حالات کو قابو میں کیا گیا۔ واقعہ کے بعد سے علاقے میں کشیدگی کا عالم ہے۔

واقعہ کی وجہ سے متعلق پولیس کچھ بھی صاف طور پر نہیں بول پا رہی ہے۔ حالانکہ ذرائع کے مطابق واقعہ کے پیچھے زمین تنازعہ اور انتخابی رنجش اہم وجہ ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ پولیس پورے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور سی سی ٹی وی کیمرے کو کھنگالا جا رہا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دیپک نے 2020 میں راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) سے داناپور اسمبلی حلقہ سے انتخاب بھی لڑا تھا، آر ایل ایس پی کے جنتا دل یو میں انضمام کے بعد یہ جنتا دل یو میں شامل ہو گئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔