بہار کے مدھے پورہ میں جے ڈی یو لیڈر کا دن دیہاڑے گولی مار کر قتل
پردیپ سنگھ گولی لگنے کے بعد وہیں گر گئے۔ گولیوں کی آواز سن کر لوگ کچھ سمجھ پاتے تب تک مجرم فرار ہو گئے۔ گولی لگنے سے پردیپ سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔
پٹنہ: بہار میں جے ڈی یو کے ایک لیڈر کو مجرموں نے نشانہ بنایا اور گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ قتل کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ پولیس کے مطابق جے ڈی (یو) لیڈر پردیپ کمار سنگھ (55) کو جمعہ کی صبح تقریباً 9 بجے نامعلوم مجرموں نے مدھے پورہ ضلع کے بہاری گنج تھانہ علاقے کے ہتھی اوندھا گاؤں میں گولی مار کر ہلاک کر دیا اور فرار ہو گئے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مقتول پردیپ کمار سنگھ جے ڈی یو کے انتہائی پسماندہ شعبہ کے سابق ریاستی جنرل سکریٹری تھے۔ بہاری گنج پولیس اسٹیشن کے انچارج ارون کمار نے بتایا کہ پردیپ سنگھ ہتھی اوندھا گاؤں میں ایک نیا مکان تعمیر کرا رہے ہیں۔ صبح وہ اسی گھر کے باہر کھڑے تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار کئی مجرموں نے سنگھ پر گولی باری شروع کر دی۔
پردیپ سنگھ گولی لگنے کے بعد وہیں گر گئے۔ گولیوں کی آواز سن کر لوگ کچھ سمجھ پاتے تب تک مجرم فرار ہو گئے۔ گولی لگنے سے پردیپ سنگھ کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔ ادھر، جیسے ہی اس واقعہ کی اطلاع آس پاس کے لوگوں کو ملی، لوگ غصے میں آ گئے اور سڑکوں پر نکل کر ہنگامہ کرنا شروع کر دیا۔ تاجروں نے اپنی دکانیں بند کر دیں اور مشتعل افراد قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کرنے لگے۔ پولیس نے مشتعل لوگوں کو کسی طرح سمجھا کر پرسکون کیا۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور معاملے کی جانچ شروع کر دی۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ واقعہ کی وجہ کا ابھی تک پتہ نہیں چل سکا ہے۔ پولیس نے لاش کو اپنے قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔