پی ایم مودی پر مبنی فلم کے پوسٹر میں اپنا نام دیکھ غضبناک ہوئے جاوید اختر
نریندر مودی کی بایوپک کا پوسٹر ریلیز ہوتے ہی تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس پوسٹر میں جاوید اختر کا نام نغمہ نگاروں کی فہرست میں شامل ہے جسے دیکھ کر وہ حیران ہیں اور ٹوئٹ کر کے اپنی حیرانی ظاہر بھی کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی کی زندگی پر مبنی فلم 'پی ایم نریندر مودی' کا ٹریلر ریلیز ہونے کے بعد ایک ایسا پوسٹر ریلیز ہوا ہے جو تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ فلم کے پوسٹر پر بالی ووڈ کی مایہ ناز شخصیت اور نغمہ نگار جاوید اختر کا نام لکھا گیا ہے جسے دیکھ کر وہ ناراض ہو گئے ہیں اور اپنی ناراضگی ٹوئٹ کے ذریعہ ظاہر بھی کی ہے۔ انھوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ "اپنا نام فلم کے پوسٹر پر دیکھ کر میں حیران ہوں۔ میں نے اس فلم کا کوئی بھی نغمہ نہیں لکھا ہے۔" دراصل فلم کے پوسٹر میں نغمہ نگاروں کی فہرست میں جو نام لکھا گیا ہے وہ اس طرح ہے... جاوید اختر، پرسون جوشی، سمیر، ابھیندر کمار اپادھیائے، پاری جی اور لاوراج۔ اس فہرست میں اپنا نام دیکھ کر جاوید اختر کافی ناراض ہوئے ہیں اور حیرانی ظاہر کرتے ہوئے صاف کر دیا ہے کہ انھوں نے اس فلم کے لیے کوئی نغمہ نہیں لکھا۔
قابل ذکر ہے کہ فلم 'پی ایم نریندر مودی' کی ہدایت کاری اومنگ کمار نے کی ہے اور اس میں مودی کے بچپن سے لے کر وزیر اعظم بننے تک کی داستان بیان کی گئی ہے۔ فلم میں وویک اوبرائے پی ایم مودی کے کردار میں نظر آ رہے ہیں۔ ان کے علاوہ فلم میں بومن ایرانی، برکھا بشٹ، منوج جوشی، پرشانت نارائن، راجندر گپتا، زرینہ وہاب اور انجن شریواستو بھی اہم کردار نبھا رہے ہیں۔ یہ فلم آئندہ 5 اپریل کو ریلیز ہونے والی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔