عہدہ اور عزت و احترام ملنے کے بعد بھی جِتِن پرساد نے کانگریس سے دغا کی: اجے کمار للو

اجے کمار للو نے کہا، جتن پرساد کو کانگریس نے عزت و احترام دیا، عہدے سے نوازا اس کے باوجود انہوں نے پارٹی کے ساتھ دغا کی، کامیابی ان سے کوسوں دو رہے گی

اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
اجے کمار للو، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

لکھنؤ: کانگریس سے کئی نسلوں کا ناطہ توڑ کر گزشتہ روز جتِن پرساد بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرنے کے ساتھ ہی جتن پرساد نے کانگریس پر تنقید کی جبکہ بھگوا جماعت کو عوام کے لئے بہترین قرار دیا۔ وہیں، کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو نے کہا ہے کہ جتن نے جو کیا وہ اچھا نہیں کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو اپنی زمین نہیں بچا پایا وہ بی جے پی کا کیا فائدہ کرے گا۔

اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے کہا کہ جتن پرساد کانگریس میں مرکزی وزیر رہے، رکن پارلیمنٹ رہے۔ ان کے والد بھی کانگریس میں وزیر اور رکن پارلیمنٹ رہ چکے تھے۔ ان کی شناخت کانگریس پارٹی نے بنائی، ان کو رکن پارلیمنٹ اور وزیر کانگریس نے بنایا، انہوں نے جو کیا وہ کہیں سے بھی اچھا کام نہیں مانا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جتن پرساد کو کانگریس نے عزت و احترام دیا، انہیں عہدے سے نوازا اس کے باوجود انہوں نے پارٹی کے ساتھ دغا کی، کامیابی ان سے کوسوں دو رہے گی۔


خیال رہے کہ کانگریس لیڈر اور منموہن سنگھ حکومت میں وزیر رہ چکے جتن پرساد نے بدھ کے روز وزیر ریل پیوش گوئل کی موجودگی میں بی جے پی کا دامن تھام لیا۔ جتن پرساد نے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد کہا کہ گزشتہ 8-10 سالوں میں انہوں نے یہ محسوس کیا ہے کہ آج ملک میں اگر کوئی اصل معنوں میں قومی جماعت ہے تو وہ بی جے پی ہے۔ باقی سبھی تو مخصوص طبقہ اور علاقہ کی جماعتیں ہیں۔

جتن پرساد نے کہا ’’میرا کانگریس سے 3 نسلوں کا ساتھ رہا ہے۔ میں نے یہ اہم فیصلہ کافی غور و خوض کے بعد لیا ہے۔ آج سوال یہ نہیں ہے کہ میں کس پارٹی کو چھوڑ کر آ رہا ہوں بلکہ سوال یہ ہے کہ میں کس پارٹی میں جا رہا ہوں اور کیوں جا رہا ہوں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔