سیاسی جماعتوں نےبلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ پاکستان کے اشارےپر کیا : گورنر
بی جے پی کے سینئر رہنما رام مادھو کے بعد اب ریاست کے گورنر سیہ پال ملک نے بھی ایک متنازعہ بیان دے کر ملک کا سیاسی ماحول گرم کر دیا ہے ۔
جموں كشمير اسمبلی کو اچانک تحلیل کرنے کے ایک دن بعد ریاست کے گورنر ستیہ پال ملک نے یہ کہہ کر ایک اور تنازعہ پیدا کر دیا ہے ۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان کے اشارے پر ہی ریاست میں سیاسی جماعتوں نے مقامی بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔
مسٹر ملک نے جمعرات کو ٹیلی ویژن چینل ٹائمس ناؤ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ’’یہ صحیح ہے کہ وہاں سے کچھ نہ کچھ اشارے آتے ہیں جس سے سیاسی پارٹی ردعمل ظاہر کرتی ہے۔ انتخابات میں جو کچھ ہو ا ادھر کے خوف یا اشارے کی وجہ سے ہوا ہے‘‘
انہوں نے کچھ سوالات کا جواب دیتے ہوئے بھی کہا کہ وہ نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کے ایک ساتھ ملنے کے فیصلے کے بارے میں یہ بات نہیں کہہ سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا ’’جب میرے پاس اس طرح کی کوئی معلومات نہیں ہے تو میں کس طرح ایسا کہہ سکتا ہوں‘‘۔ مسٹر ملک نے یہ بھی کہا کہ وہ ریاست کے رہنماؤں خاص طور پر عمر عبداللہ اور محترمہ محبوبہ مفتی یا ان کے والد کی حب الوطنی پر کوئی سوالیہ نشان نہیں لگا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ’’مجھے ان پارٹیوں کی حب الوطنی یا مسٹر عبداللہ کے والد فاروق عبداللہ اور محترمہ مفتی کے والد مفتی محمد سعید کی خلوص پر کوئی شک نہیں ہے‘‘۔
اس سے پہلے بی جے پی کے جنرل سکریٹری رام مادھو نے بھی کہا تھا کہ ریاست میں مقامی بلدیاتی انتخابات کا بائیکاٹ پاکستان کے کہنے پر کیا گیا تھا لیکن اس پر مسٹر عمر عبداللہ کے سخت اعتراض کے بعد انہوں نے اپنا بیان واپس لے لیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔