پٹنہ: تاریخی گاندھی میدان پر کانگریس کی ’تاریخ ساز ریلی‘، راہل گاندھی کریں گے خطاب

ریلی میں 5.5 لاکھ سے بھی زیادہ لوگوں کے شریک ہونے کی امید ہے۔ کانگریس کارکنان کے مطابق ریلی سارے ریکارڈ توڑنے والی ثابت ہوگی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ: پٹنہ کے تاریخی گاندھی میدان میں کانگریس کے قومی صدر راہل گاندھی کچھ ہی دیر میں ’جن آکانکشا ریلی‘ سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔ پٹنہ کے گاندھی میدان پر کئی کامیاب ریلیاں منعقد کرنے والی کانگریس نے اپنے دم پر تقریباً 30 سال بعد ریلی کا انعقاد کیا ہے۔ پٹنہ میں سال 1989 میں راجیو گاندھی نے ایک ریلی سے خطاب کیا تھا۔

’جن آکانکشا ریلی‘ کو لے کر کانگریس کے رہنما اور کارکنان پُرجوش ہیں اور ریلی میں شرکت کے لئے لوگ ایک دن پہلے ہی پٹنہ پہنچ گئے تھے۔ ریلی سے جہاں کانگریس کے صدر راہل گاندھی خطاب کریں گے وہیں مہا گٹھ بندھن کے ارکان اس میں شامل ہو کر این ڈی اے حکومت کے خلاف اپنی یکجہتی کا اظہار کریں گے۔ کانگریس ریلی کے لئے پٹنہ کا تاریخی میدان سج کر پوری طرح تیار ہے۔

ریلی میں 5.5 لاکھ سے بھی زیادہ لوگوں کے شریک ہونے کی امید ہے۔ کانگریس کارکنان کے مطابق ریلی سارے ریکارڈ توڑنے والی ثابت ہوگی۔ بہار کانگریس مہم کمیٹی کے صدر اکھلیش سنگھ نے گاندھی میدان میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے راہل گاندھی کی ریلی کو مرکز کی مودی حکومت کی ’الوداعی ریلی‘ اور راہل گاندھی کے لئے استقبالیہ ریلی بتایا۔

اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا ہے کہ راہل گاندھی کی ریلی میں مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ شامل ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ مہاگٹھ بندھن کی اتحادی پارٹیوں کے سینئر لیڈران میں آر جے ڈی سے تیجسوی پرساد یادو، آرایل ایس پی سے اوپیندر کشواہا، لوک تانترک جنتادل سے شرد یادو، ہم سے جیتن رام مانجھی اور وی آئی پی سے مکیش سنہا شامل ہو رہے ہیں۔ ریلی میں شامل ہونے کے لئے دور دراز کے لوگ پٹنہ پہنچ چکے ہیں۔

دراصل ٹیم راہل گاندھی نے لوک سبھا انتخابات کا بگل پھونکنے کے لئے ایک ایسے میدان کا انتخاب کیا ہے جہاں سے گونجنے والی آواز نے ہمیشہ ملک کی سیاسی اور سماجی فضا بدلی ہے۔ یہ انقلابی میدان ہے، ایسا میدان جس نےتحریک آزادی دیکھی تو دوسری جنگ آزادی کا بگل بھی یہیں سے پھونکا گيا۔ تاریخی واقعات کا گواہ بنے اس میدان سے جے پی کے علاوہ ڈاکٹر راجندر پرساد، پنڈت جواہر لال نہرو، سردار ولبھ بھائی پٹیل، رام منوہر لوہیا، اندرا گاندھی وغیرہ جیسی بڑی شخصیات نے یہاں سے خطاب کیا ہے۔ ایسے میں راہل گاندھی کی ریلی کے تعلق سے جس طرح کی تیاریاں کی گئی ہیں اور جس تعداد میں کارکنان پہنچے ہیں اس سے اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ یہ ریلی بھی تاریخ ساز ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔