جموں و کشمیر: کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر گولہ باری
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر پاکستانی فوج نے منگل کی علی الصبح ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی۔
سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ٹنگڈار سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر منگل کی علی الصبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا تاہم کسی بھی جانب کسی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر پاکستانی فوج نے منگل کی علی الصبح ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر بلا اشتعال فائرنگ شروع کردی۔
یہ بھی پڑھیں : کورونا وبا نے گجرات ماڈل کی اصلیت ثابت کر دی: راہل گاندھی
دریں اثنا دفاعی ترجمان کرنل راجیش کالیا نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج نے ٹنگڈار سیکٹر میں ایل او سی پر منگل کی علی الصبح بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری اور دوسرے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ وہاں تعینات بھارتی فوج نے اس حملے کا بھر پور جواب دیا۔
قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران اب تک بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر طرفین کے مابین گولہ باری اور فائرنگ کے تبادلے کے زائد از دو ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔ طرفین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور گزشتہ کچھ ماہ سے جاری کورونا وبا کے با وصف سرحد لگاتار گرم ہے جس سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل بن گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔