کشمیر: یوم جمہوریہ کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی تاریخی لال چوک میں تلاشی کارروائی
یوم جمہوریہ کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے سری نگر کے حساس علاقوں میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔
سرینگر: یوم جمہوریہ کے پیش نظر سیکورٹی فورسز نے سری نگر کے حساس علاقوں میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے۔
ہفتہ کی دوپہر کو سیکورٹی فورسز اور جموں کشمیر پولیس کے ایس او جی نے سری نگر کی سیول لائنز بشمول تجارتی مرکز لالچوک میں اچانک گاڑیوں اور لوگوں کی تلاشی شروع کی۔
اطلاعات کے مطابق دکاندار اور لوگ اپنے اپنے کام کاج کے ساتھ مصروف عمل تھے اور ٹرانسپورٹ حسب معمول جاری تھا کہ اچانک سیکورٹی فورسز اوور پولیس کے ایس اوجی نے گھنٹہ گھر لال چوک اور کورٹ روڑ کی طرف جانے والے تمام راستوں کو مسدود کیا اور تلاشی کارروائیاں شروع کیں۔
سیکورٹی فورسز نے تلاشی کارروائیوں کے دوران ڈرون کیمروں کا استعمال کیا۔راستوں کو بند کرتے ہی فورسز نے لوگوں اور تمام پرائیویٹ اور مسافر بردار گاڑیوں کی تلاشی شروع کی۔ سیکورٹی فورسز نے موٹر سائیکل سوار لوگوں کے موبائل فون اور مبینہ طور ان میں سٹور مواد کو بھی باریک بینی کے ساتھ چیک کیا۔تاہم بعد ازاں لوگوں اور گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی۔ اس دوران سیکورٹی فورسز نے دکانوں کی بھی تلاشی لی اور کورٹ روڑ کے گرد ونواح کے رہائشی مکانوں کی بھی مکمل تلاشی لی۔ ادھر وادی میں جنگجوؤں کی طرف سے ممکنہ حملوں کے خدشات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ جمعہ کے روز لالچوک میں مشتبہ جنگجوؤں نے سی آر پی ایف کی چوکی پر گرنیڈ پھینکا تھا تاہم اس حملے میں کوئی جانی نقصان نیں ہوا تھا۔ گذشتہ دس دنوں کے دوران وادی میں مشتبہ جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز پر پانچ گرینیڈ حملے کئے ہیں۔
تمام تصاویر یو این آئی
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔