جموں و کشمیر: عمر عبداللہ نے ایل جی سے ملاقات کر حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا، حلف برداری کی ممکنہ تاریخ سے اٹھا پردہ
گورنر ہاؤس سے نکلنے کے بعد عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’ابھی میں گورنر ہاؤس سے واپس آیا ہوں، میں نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے اتحاد کی چٹھی سونپ دی ہے، سب ٹھیک رہا تو آئندہ ہفتہ بدھ کو حلف برداری ہوگی۔‘‘
جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب میں انڈیا اتحاد کی فتح کے بعد اب حکومت سازی کی سرگرمیاں شروع ہو گئی ہیں۔ نیشنل کانفرنس لیڈر عمر عبداللہ نے 11 اکتوبر کو راج بھون (ایل جی ہاؤس) پہنچ کر لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا سے ملاقات کی اور انھیں انڈیا اتحاد کے اراکین اسمبلی کی چٹھی سونپتے ہوئے حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیا۔ اس ملاقات کی تصویر نیشنل کانفرنس نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر بھی کی ہے۔
راج بھون سے واپسی کے بعد عمر عبداللہ نے میڈیا سے بھی بات چیت کی۔ اس کی ویڈیو بھی نیشنل کانفرنس کے ’ایکس‘ ہینڈل پر شیئر کی گئی ہے۔ اس میں وہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ ’’ابھی میں راج بھون سے واپس آیا ہوں۔ میں نے لیفٹیننٹ گورنر کو اپنے اتحاد کی چٹھی سونپ دی ہے۔ اس میں ہمارے ساتھ کانگریس، عآپ، سی پی آئی-ایم اور کئی آزاد اراکین اسمبلی نے بھی ہمیں اپنی حمایت دی ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’اگر ساری کارروائی ٹھیک طرح ہو جاتی ہے تو اگلے ہفتے بدھ کو حلف برداری تقریب ہوگی۔‘‘
عمر عبداللہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے جلد از جلد حلف برداری کی تاریخ طے کرنے کی گزارش کی ہے۔ نیشنل کانفرنس لیڈر کا کہنا ہے کہ وہ چاہتے ہیں جلد حلف برداری ہو تاکہ عوام کی منتخب حکومت اپنا کام سنبھال سکے۔ حالانکہ انھوں نے یہ بھی کہا کہ حلف برداری سے قبل کچھ ایسی کارروائیاں ہوتی ہیں جس میں کچھ دن لگ سکتے ہیں۔
حلف برداری تقریب میں انڈیا اتحاد کے لیڈران کی شمولیت سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ ’’انڈیا اتحاد کے لیڈر فاروق عبداللہ ہیں اور وہی دعوت نامہ بھیجیں گے۔ جنھیں مجھے مدعو کرنا ہوگا، میں کل انھیں دعوت دوں گا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔