جموں و کشمیر: سوپور میں لشکر کا ہائی برڈ ملی ٹنٹ گرفتار، اسلحہ بر آمد، پولیس

پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدہ نے اپنی شناخت ثاقب شکیل ڈار ولد شکیل احمد ڈار ساکن ممکاک بٹہ پورہ کے بطور کی ہے۔

سیکورٹی، علامتی تصویر یو این آئی
سیکورٹی، علامتی تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: پولیس نے شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں جمعے کی شب دیر گئے لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائی برڈ ملی ٹنٹ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سوپور پولیس، فوج کی 22 آر آر اور سی آر پی ایف کی 179 بٹالین کی ایک مشترکہ ٹیم نے سوپور کے شانگر گنڈ کراسنگ پر جمعے کی شام قریب سوا نو بجے ایک ناکہ لگا دیا۔ انہوں نے بیان میں کہا کہ چیکنگ کے دوران قریب پونے دس بجے ایک شخص کو چک براتھ لنک روڈ سے سوپور- کپوارہ روڈ کی طرف مشکوک حالت میں جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

موصوف ترجمان نے کہا کہ مذکورہ شخص کو سیکورٹی فورسز نے رکنے کا اشارہ کیا لیکن اس نے فرار ہونے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ ناکے پر تعینات سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مستعدی کا مظاہرہ کرکے اس کو دھر لیا۔ بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ شخص کی تلاشی لی گئی اور اس دوران اس کی تحویل سے ایک پستول، ایک میگزین اور دس پستول گولیاں بر آمد کی گئیں۔


پولیس بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران گرفتار شدہ نے اپنی شناخت ثاقب شکیل ڈار ولد شکیل احمد ڈار ساکن ممکاک بٹہ پورہ کے بطور ظاہر کی۔ بیان میں کہا گیا کہ ’تحقیقات سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ ملی ٹنٹ تنظیم لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائی برڈ ملی ٹنٹ کی حیثیت سے کام کر رہا تھا اور سیکورٹی فورسز اور عام لوگوں پر حملہ کرنے کے لئے موقع ملنے کی تلاش میں تھا۔ پولیس ترجمان نے کہا کہ مزید برآمدگیاں متوقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں پولیس اسٹیشن سوپور میں ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔