جموں و کشمیر: جمعہ کو ’یک روزہ‘ کورونا کرفیو کے سبب نہیں ہو سکی نمازِ جمعہ
سری نگر کی سبھی بڑی جامع مساجد بشمول نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد کے محراب و منبر جمعے کو ایک بار پھر خاموش رہے۔ سری نگر کی کسی بھی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کیا گیا۔
سری نگر: جموں و کشمیر کے بیشتر اضلاع میں جمعے کو 'یک روزہ' مکمل کورونا کرفیو رہا جس کی وجہ سے ان اضلاع میں معمولات زندگی کلی طور پر معطل رہے۔ واضح رہے کہ کورونا کی دوسری لہر کی تیزی میں نرمی آنے کے ساتھ ہی جموں و کشمیر انتظامیہ نے ایک ماہ کے بعد 31 مئی کو یونین ٹریٹری کے سبھی بیس اضلاع میں کرفیو میں نرمی کی تھی تاہم شبانہ کرفیو بدستور جاری ہے۔
وادی کشمیر کے لگ بھگ جملہ دس اضلاع میں جمعے کو بظاہر نماز جمعہ کی ادائیگی کے پیش نظر ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن نافذ رہا جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔ سری نگر کے سبھی علاقوں میں جمعے کو ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا جس کی وجہ سے بازار مکمل طور پر بند رہے اور سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل بند رہی۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار نے شہر کے بعض علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ شہر میں ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن نافذ ہے اور سڑکوں پر لوگوں کی نقل و حرکت کو روکنے کے لئے خاردار تار بھی بچھا دی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری کو تعینات بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سری نگر کی سبھی بڑی جامع مساجد بشمول نوہٹہ علاقے میں واقع تاریخی جامع مسجد کے محراب و منبر جمعے کو ایک بار پھر خاموش رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سری نگر کی کسی بھی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کیا گیا۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق وادی کے دیگر اضلاع میں بھی جمعے کو ایک بار پھرمکمل لاک ڈاؤن نافذ رہا جس کی وجہ سے معمولات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئے۔ قابل ذکر ہے کہ کورونا کی دوسری لہر کے قہر کی روک تھام کو یقینی بنانے کے لئے انتظامیہ نے یونین ٹریٹری کے سبھی بیس اضلاع میں مکمل کورونا کرفیو نافذ کیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔