جموں و کشمیر انتخابات: ووٹنگ کا تیسرا مرحلہ بھی اختتام پذیر، الیکشن کمیشن نے ووٹرس سے کہا ’شکریہ‘
ووٹنگ کا تیسرا مرحلہ بھی اختتام پذیر، الیکشن کمیشن نے ووٹرس سے کہا ’شکریہ‘
جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلے کی پولنگ بھی ختم ہو گئی ہے اور اب سبھی 90 اسمبلی سیٹوں پر کھڑے امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا ہے۔ تیسرے مرحلہ میں اب تک تقریباً 68 فیصد ووٹنگ کی خبر سامنے آئی ہے، لیکن اس میں اضافہ ممکن ہے۔ اس درمیان مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے چیف الیکشن افسر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کیا ہے جس میں عوام سے حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔
تیسرے مرحلہ میں بھی خوب ہو رہی ووٹنگ، شام 5 بجے تک ڈالے گئے 65.48 فیصد ووٹ
جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب کے تیسرے اور آخری مرحلہ میں شام 5 بجے تک 65.48 فیصد ووٹنگ ہوئی۔ گزشتہ دونوں مراحل کے مقابلے اس مرحلہ میں لوگ زیادہ جوش و خروش کے ساتھ ووٹنگ کر رہے ہیں جس کا نتیجہ صاف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ بیشتر سیٹوں پر ووٹنگ کا عمل انجام پا چکا ہے، لیکن کچھ مقامات پر جہاں ووٹرس قطار میں لگے ہوئے ہیں انھیں ووٹ ڈالنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
تیسرے مرحلہ میں سہ پہر 3 بجے تک 56 فیصد ووٹنگ ریکارڈ
جموں و کشمیر کے تیسرے اور آخری مرحلہ میں بھی ووٹروں میں جوش و خروش پایا جا رہے اور سہ پہر 3 بجے تک 56 فیصد سے زیادہ لوگ اپنے حق رائے دہی کا استعمال کر چکے ہیں۔ سہ پہر 3 بجے تک زیادہ تر حلقوں میں ووٹنگ کی سرگرمی خاصی مثبت رہی ہے۔ جموں ڈویزن کے چھمب میں سب سے زیاد 68.31 فیصد ووٹنگ درج کی گئی، جبکہ سوپور میں سب سے کم 34.2 فیصد پولنگ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
صبح 11 بجے تک 28.12 فیصد ووٹنگ ہوئی
جموں و کشمیر انتخابات کے آخری مرحلے میں 40 سیٹوں پر صبح 11 بجے تک 28.12 فیصد ووٹنگ ہوئی۔
بڑی تعداد میں اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کریں: کانگریس صدر کھڑگے
کانگریس سربراہ ملکارجن کھڑگے نے جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلے کے انتخابات کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’جموں و کشمیر انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لیے ووٹنگ کے دوران میں ان 40 اسمبلی سیٹوں کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ بڑی تعداد میں اپنے جمہوری حقوق کا استعمال کریں۔ جموں و کشمیر کے عوام سے ریاست کا درجہ چھیننے والوں کو سبق سکھانے کا یہ آخری موقع ہے۔‘‘
انہوں نے کہا، ’’یاد رکھیں، ایک ووٹ آپ کی تقدیر بدل سکتا ہے اور آپ کے آئینی حقوق کا تحفظ کرتے ہوئے ایک روشن مستقبل کا آغاز کر سکتا ہے۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے بہتر مواقع کو یقینی بنانے، بدعنوانوں سے نمٹنے، آپ کے زمینی حقوق کے تحفظ اور ترقی و خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے ووٹ قیمتی ہے۔ ہم پہلی بار ووٹروں کو خوش آمدید کہتے ہیں کیونکہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ ان کی شرکت سے ہوگا۔ ایک بار پھر، میں آپ سے ووٹنگ کی قطار میں شامل ہونے کی درخواست کرتا ہوں۔‘‘
اب تک 11 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ریکارڈ
جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلے کے لیے جاری ووٹنگ کے درمیان 9 بجے تک ووٹنگ کا فیصد سامنے آیا ہے۔ صبح 9 بجے تک 40 سیٹوں پر 11 فیصد سے زیادہ ووٹنگ ریکارڈ کی گئی ہے۔ چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر کے دفتر نے بتایا کہ صبح 9 بجے تک جموں و کشمیر کے 7 اضلاع کے تمام 40 اسمبلی حلقوں میں کل ووٹنگ 11.06 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔
ووٹنگ میں حصہ لینے والے سینئر لیڈران
آج تیسرے مرحلے کی ووٹنگ میں ریاست کے کئی سینئر لیڈر اپنے اپنے حلقوں میں ووٹ ڈال رہے ہیں۔ دیویندر سنگھ رانا گاندھی نگر (ملٹی اسمبلی حلقہ) میں ووٹ ڈالیں گے، ڈاکٹر جتیندر سنگھ (ملٹی اسمبلی حلقہ) تریکوٹہ نگر میں ووٹ ڈالیں گے، جبکہ غلام نبی آزاد گاندھی نگر (ملٹی اسمبلی حلقہ) میں اپنا ووٹ ڈال چکے ہیں۔ کویندر گپتا (جموں شمالی سیٹ) جانی پور میں اپنا ووٹ ڈالیں گے۔
جموں کے ان علاقوں میں ووٹنگ
جموں و کشمیر کے سات اضلاع میں آج ووٹنگ ہونی ہے، جس کے لیے 20 ہزار سے زائد پولنگ عملہ کو تعینات کیا گیا ہے۔ جموں ڈویژن میں جموں ضلع میں سب سے زیادہ 11 علاقہ ہیں (بشناہ-ایس سی، سچیت گڑھ-ایس سی، آر ایس پورہ، جموں جنوبی، بہو، جموں ایسٹ، نگروٹہ، جموں ویسٹ، جموں شمالی، اکھنور-ایس سی اور چھمب)۔ کٹھوعہ ضلع میں 6 نشستیں (بنی، بلاور، بسوہلی، جسروٹا، کٹھوعہ-ایس سی اور ہیرا نگر)، چار ضلع ادھم پور (اُدھم پور ویسٹ، ادھم پور ایسٹ، چننی اور رام نگر-ایس سی) اور تین سانبہ (رام گڑھ-ایس سی، سانبہ اور وجے پور) میں۔
کشمیر کی ان سیٹوں پر ووٹنگ
کشمیر ڈویژن کے 16 اسمبلی حلقوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے، جن میں کرناہ، تریگھم، کپواڑہ، لولاب، ہندواڑہ اور کپواڑہ ضلع کے لنگیٹ شامل ہیں۔ بارہمولہ ضلع کے سوپور، رفیع آباد، اُڑی، بارہمولہ، گلمرگ، واگورا کیری اور پٹن، نیز بانڈی پورہ ضلع کی سونواری، بانڈی پورہ، گریز (ایس ٹی) سیٹیں شامل ہیں۔
وزیر اعظم مودی نے ووٹ دینے کی اپیل کی
وزیر اعظم مودی نے ایک پر پوسٹ میں لکھا، ’’جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں آج ووٹنگ کا تیسرا اور آخری مرحلہ ہے۔ میں تمام ووٹرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور اپنا ووٹ ڈال کر جشن جمہوریت کو کامیاب بنائیں۔ مجھے یقین ہے کہ پہلی بار ووٹ ڈالنے والے نوجوانوں کے علاوہ ووٹنگ میں خواتین کی طاقت کی زیادہ سے زیادہ شرکت ہوگی۔‘‘
غلام نبی آزاد نے جموں میں ڈالا ووٹ
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے صدر غلام نبی آزاد نے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے جموں میں ایک پولنگ بوتھ پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ اس دوران اس نے اپنی سیاہی والی انگلی بھی دکھائی۔ ووٹنگ کے دوران انہوں نے کہا، ’’10 سال بعد انتخابات ہو رہے ہیں، سب جانتے ہیں کہ آرٹیکل 370 اور دیگر تمام مسائل موجود ہیں۔ پچھلے 10 سالوں کے موجودہ مسائل کو حل کیا جانا چاہئے اور میرے خیال میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے۔‘‘
جموں و کشمیر میں تیسرے مرحلہ کی ووٹنگ شروع
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے تیسرے اور آخری مرحلے کے تحت آج (یکم اکتوبر) کو 40 سیٹوں پر ووٹنگ صبح 7 بجے شروع شروع ہو گئی ہے، جو کہ شام 6 بجے تک جاری رہے گی۔ اس مرحلے میں 39.18 لاکھ سے زیادہ ووٹر 5060 پولنگ اسٹیشنوں پر اپنا ووٹ ڈالیں گے، جس میں جموں کی 24 اسمبلی سیٹیں اور وادی کشمیر کی 16 اسمبلی سیٹیں شامل ہیں۔
پہلے مرحلے میں 61.38 فیصد اور دوسرے مرحلے میں 57.31 فیصد ووٹنگ ریکارڈ
خیال رہے کہ کہ جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ کے پہلے دو مراحل ہو چکے ہیں۔ 18 ستمبر کو پہلے مرحلے میں 61.38 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی جبکہ دوسرے مرحلے میں 26 ستمبر کو 57.31 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی۔ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد پہلی بار یہاں اسمبلی انتخابات ہو رہے ہیں، جن کے نتائج کا اعلان 8 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔