کشمیر: میرا بھائی بے گناہی کی پاداش میں قتل ہوا، اسکول پرنسپل کے بھائی کا بیان
رضوان پنڈت کے بھائی نے کہا، ’’میرا بھائی بالکل بے گناہ تھا۔ اس کا کسی ملی ٹنٹ تنظیم کے ساتھ دور دور کا بھی واسطہ نہیں تھا۔ میرے بھائی کو قتل کیا گیا ہے۔‘‘
سری نگر: جموں وکشمیر پولس کے اسپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کی حراست میں ہلاک ہونے والے نوجوان پرائیویٹ اسکول پرنسپل رضوان پنڈت کے بھائی ذوالقرنین پنڈت کے مطابق رضوان کا کسی ملی ٹنٹ تنظیم سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ’میرے بھائی کو بے گناہی کی پاداش میں قتل کیا گیا۔‘
ذوالقرنین کے مطابق ان کا کنبہ جماعت اسلامی جموں وکشمیر کے ساتھ وابستہ ہے جو بقول ان کے کوئی جرم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا 'پرسوں رات کو مقامی پولس تھانے سے ایک پولس پارٹی نے ہمارے گھر کو محاصرے میں لیکر ہمیں ایک کمرے تک محدود کیا اور رضوان کو اپنے ساتھ لے گئے۔ اگلی صبح جب ہم مقامی پولس تھانہ پہنچے تو ہمیں بتایا گیا کہ رضوان کو سری نگر میں واقع کارگو ایس او جی کیمپ منتقل کیا گیا ہے۔ آج صبح ہمیں معلوم ہوا کہ میرے بھائی کو کارگو کیمپ میں ہلاک کیا گیا ہے'۔
انہوں نے کہا 'میرا بھائی بالکل بے گناہ تھا۔ اس کا کسی ملی ٹنٹ تنظیم کے ساتھ دور دور کا بھی واسطہ نہیں تھا۔ میرے بھائی کو قتل کیا گیا ہے۔ ہم جانتے ہیں کہ رضوان کو زیر حراست قتل کیا گیا۔ اس کی تحقیقات بھی نہیں ہوگی، یہ ظلم ہے'۔
ذوالقرنین نے کہا کہ رضوان پر چھ ماہ قبل پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کیا گیا تھا جس کو بعد ازاں عدالت نے کالعدم قرار دیا تھا۔ انہوں نے کہا 'چھ ماہ پہلے میرے بھائی رضوان کو ایک جھوٹے کیس میں پھنسایا گیا اور اس پر پبلک سیفٹی ایکٹ عائد کرکے کٹھوعہ جیل میں بند کیا گیا ۔ تاہم کچھ وقت بعد عدالت نے پی ایس اے کو کالعدم قرار دیا، پھر جب ہم نے عدالت سے ضمانت منظور کرائی تو مقامی پولس تھانے نے انہیں بلاوجہ مزید دو ہفتوں تک بند رکھا'۔
انہوں نے مزید کہا 'گذشتہ دو تین مہینے سے میرا بھائی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی ادائیگی میں مصروف تھا۔ ان کا اونتی پورہ میں اپنا ایک ٹیوشن سنٹر تھا اور ایک پرائیویٹ اسکول میں پرنسپل کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہا تھا۔ اس کا کسی ملی ٹنٹ تنظیم سے کوئی واسطہ نہیں تھا'۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔