کشتواڑ میں پانچ روز بعد بھی کرفیو جاری، انٹرنیٹ خدمات بدستور منقطع

آر ایس ایس لیڈر چندرا کانت سنگھ اور اُن کے ذاتی محافظ کی 9 اپریل کو نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد خطہ چناب کے قصبہ کشتواڑ میں ہفتہ کو لگاتار پانچویں دن بھی کرفیو نافذ رہا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

عمران خان

جموں: آر ایس ایس لیڈر چندرا کانت سنگھ اور اُن کے ذاتی محافظ کی 9 اپریل کو نامعلوم بندوق برداروں کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد خطہ چناب کے قصبہ کشتواڑ میں ہفتہ کو لگاتار پانچویں دن بھی کرفیو نافذ رہا۔ تاہم قصبہ کے بیشتر حصوں میں جمعہ کی شام کرفیو میں ایک گھنٹے کی ڈھیل دی گئی تھی۔ قصبہ میں 9 اپریل کو تشدد کے خدشے کے پیش نظر کرفیو نافذ کیا گیا اور فوج تعینات کی گئی۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ضلع کشتواڑ میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات بدستور منقطع رکھی گئی ہیں، تاہم خطہ چناب کے دیگر دو اضلاع ڈوڈہ اور رام بن میں یہ خدمات بحال کی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا 'قصبہ میں کرفیو سختی سے نافذ ہے۔ ہفتہ کو چند جگہوں پر معمولی نوعیت کے احتجاجی مظاہروں کو چھوڑ کر حالات پرامن رہے۔ فوج یونٹوں کو بدستور تعینات رکھا گیا ہے'۔انہوں نے مزید بتایا 'اتوار کو صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کرفیو میں ڈھیل یا اسے ہٹانے کا فیصلہ لیا جائے گا'۔

واضح رہے کہ ضلع اسپتال کشتواڑ میں 9 اپریل کو نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے آر ایس ایس کے لیڈر چندرا کانت سنگھ اور ان کے ذاتی محافظ راجندر کمار جاں بحق ہوئے۔ حملہ آور مہلوک پولیس اہلکار (ذاتی محافظ) کی سروس رائفل بھی چھین کر فرار ہوئے۔
آئی جی پولیس جموں منیش کمار سنہا کے مطابق ہلاکت کے اس واقعہ کے سلسلے میں کشتواڑ میں کچھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ ایسا لگ رہا ہے کہ ہتھیار لے کے کوئی باہر سے نہیں آرہا ہے بلکہ ٹاؤن کے اندر ہی ہتھیار چھپائے جارہے ہیں۔

آر ایس ایس کے لیڈر اور ان کے ذاتی محافظ کی ہلاکت کے سلسلے میں ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر کشتواڑ اعجاز احمد شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی اسپیشل تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔ آر ایس ایس لیڈر چندر کانت سنگھ محکمہ صحت کا ملازم تھا اور ضلع اسپتال کشتواڑ میں بحیثیت میڈیکل اسسٹنٹ تعینات تھے۔ جس وقت ان پر حملہ کیا گیا وہ اس وقت اسپتال کے او پی ڈی بلاک میں ڈیوٹی دے رہے تھے۔ انہیں مبینہ طور پر گذشتہ کچھ وقت سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ بتادیں دیں کہ کشتواڑ پارلیمانی حلقہ انتخاب ادھم کا حصہ ہے جہاں 18 اپریل کو ووٹ ڈالے جانے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ یہ کشتواڑ میں گذشتہ ساڑھے پانچ ماہ کے دوران اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ قصبہ کشتواڑ میں یکم نومبر 2018 ء کو نا معلوم بندوق برداروں نے بی جے پی کے ریاستی سکریٹری انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔ پولیس نے بھاجپا ریاستی سکریٹری اور ان کے بھائی کی ہلاکت کے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے انیل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کے قتل کے لئے جنگجوﺅں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔