جموں و کشمیر انتخاب: دوسرے مرحلہ میں 56 فیصد سے زائد ووٹنگ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ’یہاں تاریخ رقم ہو رہی‘

الیکشن کمیشن کے مطابق دوسرے مرحلہ میں پولنگ پرامن رہا اور شام 7 بجے تک 56.05 فیصد ووٹ ڈالے گئے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ووٹرس تشدد اور بائیکاٹ کی جگہ جمہوری عمل کو اپنا رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>جموں و کشمیر میں حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد ووٹرس ناخن پر لگا نشان دکھاتے ہوئے، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/ceo_UTJK">@ceo_UTJK</a></p></div>

جموں و کشمیر میں حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے بعد ووٹرس ناخن پر لگا نشان دکھاتے ہوئے، تصویر@ceo_UTJK

user

قومی آواز بیورو

مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر میں آج دوسرے مرحلہ کے تحت 26 اسمبلی سیٹوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ الیکشن کمیشن کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق شام 7 بجے 56.05 فیصد ووٹ پڑے اور کہیں سے بھی تشدد کا کوئی ناخوشگوار واقعہ سامنے نہیں آیا۔ پونچھ اور راجوری ضلع میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پاس 106 سرحدی پولنگ بوتھ پر بھی پرامن طریقے سے ووٹنگ کا عمل انجام پایا۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے اس کامیاب انتخابی عمل پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’جموں و کشمیر کے ووٹرس نے تشدد اور بائیکاٹ کی جگہ جمہوریت کا طریقہ اختیار کیا، یہاں تاریخ رقم ہو رہی ہے۔‘‘

ابھی تک ملی جانکاری کے مطابق راجدھانی سری نگر میں سب سے کم 29 فیصد اور ریاسی میں سب سے زیادہ 74 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ حالانکہ پہلے مرحلہ کے مقابلے میں اس مرتبہ ووٹنگ کا مجموعی فیصد کچھ کم رہا۔ پہلے مرحلہ میں 61 فیصد سے زیادہ لوگوں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل افسر پی کے پولے نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’دوسرے مرحلہ میں 56.05 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ حضرت بل اور ریاسی جیسے کچھ علاقوں میں ووٹنگ جاری رہنے کی وجہ سے وہاں پر ووٹنگ کا حتمی فیصد معلوم نہیں ہو سکا۔ فی الحال ووٹنگ پرامن اور مجموعی طور پر بہتر رہا۔‘‘


پولے نے کچھ اسمبلی سیٹوں پر ہوئی ووٹنگ کی جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ ’’جموں علاقہ کی شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا اسمبلی سیٹ پر سب سے زیادہ 79.95 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے۔ ریاسی ضلع میں جہاں 3 اسمبلی حلقے ہیں، اس کا پولنگ فیصد سب سے زیادہ 74.14 فیصد درج کیا گیا۔ پونچھ ضلع میں 73.78 فیصد، راجوری میں 69.85 فیصد، گاندربل میں 62.63 فیصد اور بڈگام میں 61.31 فیصد اور سری نگر میں 29.24 فیصد ووٹنگ ہوئی۔‘‘ یہاں دھیان دینے والی بات یہ ہے کہ پولے نے جب یہ جانکاری دی تب کچھ سیٹوں پر ووٹرس قطار بند تھے، اس لیے ووٹنگ فیصد میں کچھ اضافہ یقینی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔