جموں و کشمیر اسمبلی انتخاب: سبھی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید، ووٹ شماری کے لیے 8 اکتوبر کا انتظار
تیسرے اور آخری مرحلہ میں گزشتہ دونوں مراحل سے زیادہ ووٹنگ فیصد رہی، اسمبلی انتخاب میں ہوئی ووٹنگ نے لوک سبھا انتخاب 2024 میں ڈالے گئے ووٹ فیصد کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔
جموں و کشمیر میں آج یعنی یکم اکتوبر کو تیسرے و آخری مرحلے کی پولنگ ہوئی۔ اس مرحلہ میں 40 اسمبلی سیٹوں پر 415 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوا اورتازہ ترین جانکاری کے مطابق 68.72 فیصد ووٹنگ درج کی گئی۔ اس ووٹنگ فیصد میں مزید اضافہ کا امکان ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ دو مراحل سے بھی زیادہ تیسرے مرحلہ میں ووٹنگ ہوئی ہے۔ 18 ستمبر کو پہلے مرحلہ میں جہاں 61.38 فیصد ووٹنگ ہوئی تھی، وہیں 25 ستمبر کو دوسرے مرحلہ میں 57.31 فیصد ووٹنگ درج کی گئی تھی۔
گزشتہ دونوں مراحل کی طرح تیسرے مرحلہ میں بھی پولنگ پرامن رہی اور کہیں سے بھی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔ ووٹنگ کا عمل انجام پانے کے بعد مرکز کے زیر انتظام خطہ جموں و کشمیر کے چیف الیکشن افسر نے جمہوریت کے اس تہوار میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔ اس کے ساتھ ہی جموں و کشمیر کی 90 اسمبلی سیٹوں پر تین مراحل میں ہوئی پولنگ کے بعد سبھی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہو گیا ہے۔ اب سبھی کو 8 اکتوبر کا انتظار ہے جب ووٹ شماری ہوگی۔
الیکٹورل افسر کے ذریعہ دی گئی جانکاری کے مطابق تینوں مراحل میں ہوئی ووٹنگ کا مجموعی فیصد جو سامنے آیا ہے وہ خوش کن ہے۔ تینوں مراحل میں مجموعی طور پر 63.45 فیصد ووٹنگ ہوئی ہے، اور اس میں کچھ اضافہ ہونے کا امکان بھی ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ تیسرے مرحلہ میں ہوئی ووٹنگ کا حتمی فیصد ابھی سامنے نہیں آیا ہے۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ اسمبلی انتخاب میں ڈالے گئے ووٹوں کا فیصد لوک سبھا انتخاب 2024 میں جموں و کشمیر میں ڈالے گئے ووٹ فیصد سے زیادہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔