اکبر لون کو ’پاکستان زندہ باد‘ کہنے کی پاداش میں نااہل قرار دیا جائے: بی جے پی
نیشنل کانفرنس کے بارہمولہ پارلیمانی نشست کے امیدوار محمد اکبر لون نے ایک عوامی ریلی میں کہا کہ وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوستی کے عاشق ہیں۔
سری نگر: بھارتیہ جنتا پارٹی نے نیشنل کانفرنس کے بارہمولہ پارلیمانی نشست کے امیدوار محمد اکبر لون کو ایک ریلی سے خطاب کے دوران مبینہ طور پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنے کی پاداش میں انتخابات کے لئے نا اہل قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ نیشنل کانفرنس کے بارہمولہ کی پارلیمانی نشست کے امیدوار محمد اکبر لون نے ایک عوامی ریلی میں کہا کہ وہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان دوستی کے عاشق ہیں۔
بی جے پی کے ترجمان الطاف ٹھاکر نے چیف الیکشن آفیسر جموں و کشمیر سے محمد اکبر لون کے خطاب کو سنجیدہ نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ بی جے پی نے جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے نام ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیشنل کانفرنس کے بارہمولہ کی پارلیمانی نشست کے امیدوار محمد اکبر لون نے ایک خطاب میں 'پاکستان زندہ باد' کا نعرہ بلند کرکے ملک کی توہین کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا کہ اکبر لون کے اس خطاب سے نہ صرف جموں و کشمیر کے لوگوں کے بلکہ ملک کے عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
الطاف ٹھاکر نے مکتوب کے ذریعے ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر سے اپیل کی ہے کہ وہ لون کے خطاب کو سنیجیدگی سے نوٹس لیں جس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر دستیاب ہے۔
دریں اثنا بی جے پی کے ایک اور لیڈر محمد مقبول وار نے کہا ہے کہ محمد اکبر لون کے خلاف مبینہ طور پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرنے پر ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے۔ محمد مقبول وار نے کہا کہ لون ہندوستان کے خلاف بیانات دے کر ووٹ حاصل کرنے کے لئے ڈرامہ بازی کر رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔