جموں و کشمیر: فلش فلڈس، زمین کھسکنے اور مٹی کے تودے گرنے کے پیش نظر ایڈوائزری جاری
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 30 جولائی تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے اور اس دوران کئی مقامات پر شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
سری نگر: محکمہ موسمیات نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے جموں و کشمیر میں فلش فلڈس، زمین کھسکنے، مٹی کے تودے گرنے اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی وارننگ دی ہے۔ ادھر یونین ٹریٹری کے دونوں صوبوں میں متعقلہ محکمے کی پیش گوئی کے عین مطابق بدھ کی صبح سے ہی رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں 30 جولائی تک موسم کی صورتحال جوں کی توں رہ سکتی ہے اور اس دوران کئی مقامات پر شدید بارشیں ہونے کا امکان ہے۔ انہوں نے لوگوں سے احتیاط برتنے اور چوکس رہنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ پہاڑی علاقوں میں مٹی کے تودے گر سکتے ہیں اور دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح مزید بڑھ سکتی ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں بھی منگل اور بدھ کی درمیانی شب سے ہی بارشوں کا سلسلہ رک رک کر جاری ہے جس سے کئی دنوں سے جاری گرمیوں کا زور کافی حد تک ٹوٹ گیا ہے اور لوگوں کو راحت نصیب ہوئی ہے۔ موسلا دھار بارشوں سے جہاں دریاؤں، جھیل جھرنوں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے وہیں سڑکوں پر ہوئے گڑھوں میں بھی پانی جمع ہونے سے لوگوں کا عبور و مرور مشکل بن گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر جمع پانی نے گھروں سے باہر نکلنا محال کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے 41.76 لاکھ افراد ہلاک
انہوں نے کہا کہ پیدل چلنے والوں کا چلنا پھرنا مشکل ہی نہیں بلکہ خطرناک بن گیا ہے کیونکہ سڑکوں کے کناروں پر جمع کیچڑ پر پھسلنے کے خطرات لاحق ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق جموں میں بھی بارشوں سے نہ صرف سڑکیں زیر آب ہیں بلکہ پانی مکانوں کا بھی رخ کر رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔