جموں و کشمیر: راجوری میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک فوجی جوان ہلاک

سرکاری ذرائع کے مطابق نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر پیر کی علی الصبح قریب پانچ بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری اور دوسرے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع راجوری کے نوشہرہ سیکٹر میں لائن آف کنٹرول پر پیر کی علی الصبح ہندوستان اور پاکستان کی فوج کے درمیان گولہ باری کے تبادلے میں ایک فوجی اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ راجوری میں نوشہرہ سیکٹر میں ایل او سی پر پیر کی علی الصبح قریب پانچ بجے پاکستانی فوج نے بلا کسی اشتعال کے ہندوستانی چوکیوں کو نشانہ بنا کر گولہ باری اور دوسرے ہتھیاروں سے فائرنگ شروع کردی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی حملے کا وہاں تعینات فوجی جوانوں نے بھر جواب دیا اس دوران ایک فوجی جوان شدید زخمی ہوا جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایل او سی کا کلال سے بابا کھوری تک کا علاقہ گولہ باری کے تبادلے سے دہل اٹھا جس کی وجہ سے متصل بستوں کے لوگوں میں خوف ودہشت پھیل گیا۔


قابل ذکر ہے کہ سال رواں کے دوران اب تک بین الاقوامی سرحد اور ایل او سی پر طرفین کے مابین گولہ باری اور فائرنگ کے تبادلے کے زائد از دو ہزار واقعات رونما ہوئے ہیں۔ طرفین کے درمیان جنگ بندی معاہدہ طے پانے اور گزشتہ کچھ ماہ سے جاری کورونا وبا کے با وصف بھی سرحد لگاتار گرم ہے جس سے آر پار کی سرحدی بستیوں کے لوگوں کا جینا مزید مشکل بن گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔