کشمیر: برفانی تودے کی وجہ سے زندہ دفن افراد میں سے آٹھویں فرد کی لاش بر آمد
ضلع کولگام میں سری نگر۔جموں قومی شاہراہ پرواقع جواہر ٹنل کے قریب شام کو بھاری بھر کم برفانی تودے کی زد میں آکر زندہ دفن ہونے والے دس افراد میں سے آٹھویں فرد کی لاش ہفتہ کے روز بر آمد کی گئی۔
سرینگر: جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں سری نگر۔ جموں قومی شاہراہ پرواقع جواہر ٹنل کے قریب جمعرات کی شام کو بھاری بھر کم برفانی تودے کی زد میں آکر زندہ دفن ہونے والے دس افراد میں سے آٹھویں فرد کی لاش ہفتہ کے روز بر آمد کی گئی۔
واضح رہے کہ جمعرات کی شام کو قومی شاہراہ پر جواہر ٹنل کے قریب ایک پولیس پوسٹ بھاری برفانی تودے کی زد میں آکر دب گیا تھا جس کے نتیجے میں دس افراد بشمول چھ پولیس اہلکار، دو فائر سروس اہلکار اور دو قیدی لاپتہ ہوئے تھے تاہم بچاؤ کارروائیوں کے دوران جمعہ کے روز تین پولیس اہلکاروں کو زندہ برآمد کیا گیا تھا جبکہ سات دیگر کی لاشیں برآمد کی گئی تھیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ہفتہ کے روز بچاؤ آپرہیشن ٹیم نے ایک اور لا ش بر آمد کی جس کی شناخت کانسٹبل پرویز احمد کے بطور ہوئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ حالیہ بھاری برف باری کی وجہ سے وادی میں مرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔
جمعہ کے روز جنوبی کشمیر کے کوکر ناگ علاقے کے سبزاری گاؤں میں میاں بیوی اپنے ہی رہائشی مکان میں زندہ دفن ہوکر موقعہ پر ہی از جان ہوگئے۔ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سوپور کے چرہار گاؤں میں ہفتہ کے روز ایک کمسن لڑکا ایک مکان کے چھت سے گر آئے برف کے ڈھیر کے نیچے دب کر موقعہ پر ہی دم توڑ بیٹھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔