جامعہ آر سی اے کی جانب سے اپنے کامیاب طلبا کی عزت افزائی، اب تک 270 حاصل کر چکے سرکاری عہدہ
طلبا نے اپنی رائے دیتے ہوئے آر سی اے کے اپنے تجربات بتائے اور بتایا کہ اکیڈمی نے ان کی شخصیت کو نکھارنے میں کس طرح مدد کی۔ انہوں نے مختلف خدمات میں شامل ہونے کے لیے اپنی کامیابی کے راز بھی بتائے
نئی دہلی: جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ریزیڈنشیل کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) نے اپنے ان طلبا کی عزت افزائی کی ہے، جو یو پی ایس سی، مرکزی اور ریاستی الائیڈ سروسز امتحانات میں منتخب ہوئے ہیں۔ جامعہ آر سی اے کی خصوصیت یہ ہے کہ اب تک یہاں سے کوچنگ حاصل کرنے والے 270 سے زائد طلبا اعلیٰ سرکاری عہدوں اور دیگر مرکزی خدمات میں منتخب ہو چکے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی 400 سے زیادہ طلبا کا ریاستی خدمات میں انتخاب کیا گیا ہے۔
ممتاز رہائشی کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) جامعہ ملیہ اسلامیہ کے 16 امیدواروں نے اتر پردیش پبلک سروس کمیشن (یو پی پی ایس سی) 2021 کے امتحان میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ، اکیڈمی کے دو امیدواروں کا انتخاب یو پی ایس - سی سی ایس ای 2021 میں ریزرو لسٹ کے ذریعے کیا گیا ہے۔ جامعہ آر سی اے کے ایک طالب علم کو اوڈیشہ سول سروسز امتحان کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ خال رہے کہ یو پی ایس سی ٹاپر شروتی شرما کا تعلق بھی آر سی اے سے تھا۔ جبکہ طالبہ سانچتا شرما نے یو پی پی ایس سی 2020 کے پی سی ایس امتحان میں ٹاپ کیا تھا۔
جامعہ ملیہ اسلامیہ میں رہائشی کوچنگ اکیڈمی (آر سی اے) کی کل 9 طالبات نے بھی یو پی ایس سی کا امتحان پاس کیا ہے۔ ان میں سے شروتی شرما نے یو پی ایس سی سول سروسز امتحان-2021 میں پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ جامعہ آر سی اے سے کوچنگ لینے والے 270 طلبا اب تک سرکاری اعلیٰ عہدوں پر فائز ہو چکے ہیں۔
پروفیسر عابد حلیم، پروفیسر انچارج آر سی اے نے طلبا کو بہترین رہنمائی فراہم کرنے کے لیے آنے والے دنوں میں لاگو کیے جانے والے مستقبل کے منصوبوں کی ایک مختصر رپورٹ کا خاکہ پیش کیا۔ انہوں نے موجودہ لائبریری کے بیٹھنے کی گنجائش بڑھانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی اور تعاون کی درخواست کی۔
آر سی اے 24 گھنٹوں، ساتوں دن لائبریری کی سہولت اور ایک ماحولیاتی نظام کے ساتھ پسماندہ طلبا کو مفت کوچنگ اور تربیت فراہم کرتا ہے جو سول سروسز اور دیگر مقابلہ کے امتحانات کے خواہشمندوں کے لیے ملک کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے۔ اہلیت، امتحانی مراکز اور دیگر تفصیلات سے متعلق تفصیلی معلومات اس کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔
حکومت ہند کی وزارت ثقافت میں ڈپٹی سکریٹری اور آئی اے ایس افسر ڈاکٹر شاہ فیصل نے جامعہ کی وائس چانسلر پروفیسر نجمہ اختر کی متحرک قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آر سی اے کی رہنمائی اور حمایت کی ہے اور اسے ایک بہترین اکیڈمی بنانے کی راہ ہموار کی ہے اور اکیڈمی کی ہر ممکن مدد کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔
وہیں، پروفیسر نجمہ اختر نے آر سی اے کے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد پیش کی اور اس حقیقت کی نشاندہی کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا کہ خواتین امیدواروں کی ایک بڑی تعداد بشمول یو پی ایس سی 2021 سول سروسز امتحان کی ٹاپر شروتی شرما، نے اکیڈمی کا نام روشن کیا ہے اور جامعہ کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
طلبا نے بھی اپنی رائے دیتے ہوئے آر سی اے کے اپنے تجربات بتائے اور بتایا کہ اکیڈمی نے ان کی شخصیت کو نکھارنے میں کس طرح مدد کی۔ انہوں نے مختلف خدمات میں شامل ہونے کے لیے اپنی کامیابی کے راز بھی بتائے۔ تمام کامیاب امیدواروں کو یادگاری نشانات سے نوازا گیا اور انہیں تعریفی اسناد سے بھی نوازا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔