ایشیائی کھیل 11واں دن: ارپندر سنگھ و سوپنا برمن نے ہندوستان کو دلایا طلائی تمغہ
انڈونیشیا میں جاری 18 ویں ایشیائی کھیلوں کا آج 11واں دن ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے اب تک 9 طلائی تمغوں کے ساتھ 50 تمغے پورے کر لئے ہیں۔ ایتھلیٹکس میں دوتی چند آج گولڈ کے لئے دوڑیں گی۔
سوپنا برمن نے بھی ہندوستان کو دلایا طلائی تمغہ
ایشیائی کھیلوں میں گیارہویں دن ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی بہترین ثابت ہو رہی ہے۔ ٹریپل جمپ میں ہندوستانی کھلاڑی ارپندر سنگھ کے ذریعہ طلائی تمغہ حاصل کرنے کے کچھ ہی دیر بعد سوپنا برمن نے ہیپٹاتھلن میں طلائی تمغہ حاصل کیا۔
ٹریپل جمپ مقابلہ میں ارپندر سنگھ نے ہندوستان کو دلایا طلائی تمغہ
ہندوستانی اتھلیٹ ارپندر سنگھ نے بدھ کو ایشیائی کھیلوں میں زبردست چھلانگ لگاتے ہوئے ہندوستان کی جھولی میں ایک اور طلائی تمغہ ڈال دیا۔ ارپندر نے ٹریپل جمپ مقابلہ میں 16.77 میٹر کی چھلانگ لگائی۔ ازبکستان کے کربانوو رسلان نے اس مقابلے میں نقرئی اور چین کے کاؤشوؤ نے کانسے کے تمغہ پر قبضہ جمایا۔ رسلان نے 16.62 میٹر اور شوؤ نے 16.56 میٹر کی چھلانگ لگائی۔ اسی حصہ میں لینے والے ایک دیگر ہندوستانی اتھلیٹ آرین ویتل راکیش بابو چھٹے مقام پر رہے۔ وہ 16.40 میٹر کی چھلانگ لگا پائے۔ اس طلائی تمغہ کے بعد ہندوستان کے تمغوں کی مجموعی تعداد 53 ہو گئی ہے جن میں 10 طلائی، 20 نقرئی اور 23 کانسے کے ہیں۔
دوتی چند نے 200 میٹر خاتون دوڑ میں نقرئی تمغہ حاصل کیا
ہندوستان کی خاتون ایتھلیٹ دوتی چند نے آج ملک کی جھولی میں ایک اور نقرئی تمغہ ڈال دیا۔ دوتی چند نے 200 میٹر خاتون دوڑ مقابلہ میں یہ نقرئی تمغہ حاصل کیا۔
مانیکا بترا اور شرت کمل نے دلایا کانسے کا تمغہ
ایشیائی کھیلوں میں مکسڈ ڈبل ٹیبل ٹینس مقابلے میں ہندوستان کی مانیکا بترا اور شرت کمل نے کانسے کا تمغہ حاصل کیا ہے۔ سیمی فائنل میچ میں ہندوستان کی مکسڈ جوڑی کو چین کے کھلاڑیوں نے شکست دی۔
خواتین اسکویش ٹیم نے چین کو تین۔صفر سے ہرایا
ہندوستانی خاتون اسکویش ٹیم نے 18 ویں ایشیائی کھیلوں کے اسکویش مقابلے میں بدھ کو اپنے پول بی میچ میں چین کو تین۔صفر سے شکست دے دی۔ جوشنا چنپا، دیپکا پليكل، سنایا كروولا اور تنوي کھنہ کی ہندوستانی ٹیم اب جمعرات کو اگلے میچ میں ہانگ کانگ کے خلاف کھیلے گی۔
ہندوستانی خاتون ٹیم نے گزشتہ مقابلوں میں ایران کو تین۔صفر، تھائی لینڈ کو تین۔صفر، انڈونیشیا کو تین۔صفر سے شکست دی تھی۔
باکسنگ میں ہندوتان کے دو تمغے یقینی
ہندوستانی مکہ باز امت نے 49 کلو وزن کے زمرے میں اپنا تمغہ پکا کر لا ہے۔ 18 ویں ایشیائی کھیلوں کے 11ویں دن امت نے کوارٹر فائنل مقابلہ میں شمالی کوریا کے مکہ باز ریون کم جونگ کو 5-0 سے مات دی۔ اب سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ فلپائن کے کارلو پالم سے ہوگا۔ گولڈ کوسٹ میں ہوئے دول مشترکہ کھیلوں میں امت کو نقرئی حاصل ہوا تھا۔
دیگر کوارٹر فائنل مقابلوں میں تجربہ کار مکہ باز وکاس کرشن 75 کلو وزن کے زمرہ میں اپنا زور دکھائیں گے۔ علاوہ ازیں 64 کلو وزن کے زمرہ میں دھیرج رنگ میں اتریں گے۔ خواتین میں سرجو بالا دیوی 51 کلو وزن کے زمرہ میں مقابلہ کریں گی۔ ان مکہ بازوں سے ہندوتان کو تمغہ کی امیدیں ہیں۔
ہندستان کے 50 تمغے پورے، دوتی چند سے طلائی کی امید
جکارتہ: 18ویں ایشیائی کھیلوں کا آج 11واں دن ہے۔ ہندوستانی کھلاڑیوں نے تمغوں کی امیدیں آج بھی بنا کر رکھی ہیں۔ کھیلوں کے 10ویں روز ہندوستانی ایتھلیٹوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا۔ آج بھی وہ اسی کارکردگی کو دوہرانے کے لئے اتریں گے۔
ہندوستان کے آج کے مقابلے:
* خاتون ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں چین سے مقابلہ کرے گی۔
* خواتین کی 200 میٹر ریس میں دوتی چند سے طلائی تمغہ کی امید ہے۔
* ٹیبل ٹینس میں منیکا بترا اور اچنت شرت کمل اپنے مقابلہ کا آغاز کریں گے۔
* مُکّا بازی میں بھی آج مقابلے ہوں گے جن میں تمغوں کی امید ہے۔
* کھیلوں کے 10ویں دن ہندوستان کے منجیت سنگھ اور جانسن جانسن نے مردوں کی 800 میٹر دوڑ میں کمال کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کو سونے اور چاندی کا تمغہ دلا دیا جبکہ 4 ضرب 400 میٹر مکسڈ ریلے ٹیم نے سلور تمغہ جیت لیا۔ 100 میٹر سلور فاتح دوتی چند نے 200 میٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا لیکن 400 میٹر سلور فاتح ہما داس فاؤلس اسٹارٹ کی وجہ سے نااہل قرار دی گئیں۔
مکسڈ ریلے ٹیم کے چاندی کا تمغہ کے ساتھ ہندستان کے ایشیائی کھیلوں میں 50 میڈل پورے ہو گئے۔ ہندستان نے گزشتہ ایشیائی کھیلوں میں کل 57 تمغے جیتے تھے۔ ہندستان کے اب 9 طلائی، 19 چاندی اور 22 کانسے کے تمغے ہو گئے ہیں اور وہ تمغوں کی فہرست میں 8 ویں نمبر پر ہے۔
800 میٹر دوڑ میں منجیت نے آخری 25 میٹر میں غضب کا مظاہرہ کیا اور چار کھلاڑیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے طلائی تمغہ جیت لیا۔ جانسن نے بھی آخری میٹر میں تیزی دکھائی اور فوٹو فننش میں چاندی کا تمغہ لے اڑے۔ 28 سالہ منجیت کا یہ پہلا ایشیائی کھیل کا طلائی تمغہ ہے۔ کیرالہ کے جانسن نے بھی اپنا پہلا ایشیائی کھیل تمغہ حاصل کیا۔ جانسن اس سال دولت مشترکہ کھیلوں میں پانچویں نمبر پر رہے تھے۔
ہریانہ کے منجیت نے ایک منٹ 46.15 سیکنڈ کا وقت لیا جبکہ جانسن نے ایک منٹ 46.35 سیکنڈ کا وقت لگایا۔ بحرین کے ابوبکر عبداللہ ایک منٹ 46.38 سیکنڈ کا وقت لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔