جیٹلی نے مالیا سے ملاقات کا کیا اعتراف! کہا ’چلتے چلتے ہوئی تھی بات‘

وجے مالیا نے دعویٰ کیا تھا کہ ہندوستان چھوڑنے سے پہلے اس نے وزیر مالیات ارون جیٹلی سے ملاقات کی تھی اور اپنے قرض کے نمٹارے سے متعلق بات کہی تھی۔ اس پر جیٹلی نے کہا کہ ملاقات چلتے چلتے ہوئی تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

’’میں نے 2014 کے بعد وجے مالیا کو کبھی ملنے کا وقت نہیں دیا، ہاں چلتے چلتے ملاقات ہوئی تھی جس میں مالیا نے سیٹلمنٹ کی پیش کش کی تھی۔‘‘ یہ کہنا ہے مرکزی وزیر مالیات ارون جیٹلی کا وجے مالیا کے اس دعوے پر جس میں اس نے کہا ہے کہ ہندوستان چھوڑنے سے پہلے اس نے وزیر مالیات سے ملاقات کی تھی اور اپنے قرضوں کے بارے میں سیٹلمنٹ کی پیشکش کی تھی۔

کنگ فشر ائیر لائنس کے مالک رہے اور شراب کاروباری وجے مالیا نے بدھ کو لندن میں یہ سنسنی خیز دعویٰ کیا۔ خودسپردگی معاملے کی سماعت کے دوران مالیا نے دھماکہ خیز انداز اختیار کرتے ہوئے کہا کہ 2016 میں ہندوستان چھوڑنے سے پہلے اس نے وزیر مالیات سے ملاقات کی تھی۔ وجے مالیا نے دعویٰ کیا کہ ’’ہندوستان چھوڑنے سے پہلے وزیر مالیات سے ملاقات کی تھی اور معاملہ کا حل نکالنے کی تجویز رکھی تھی۔ بینکوں نے معاملہ نمٹانے کے لیے میرے خط پر اعتراض درج کرا دیا۔‘‘ عدالت میں سماعت کے لیے جانے سے قبل مالیا نے کہا کہ ’’فریق مخالف نے مجھ پر جو الزامات عائد کیے ہیں، میں ان سے متفق نہیں ہوں۔ اس معاملے میں عدالت کو فیصلہ کرنے دیجیے۔‘‘

مالیا کے اس دعوے کو وزیر مالیات ارون جیٹلی نے ظاہری طور پر خارج کیا ہے۔ ایک بیان میں ارون جیٹلی نے کہا کہ وہ مالیا سے کبھی نہیں ملے۔ انھوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ’’یہ بیان حقائق پر مبنی نہیں ہے اور جھوٹ ہے۔ 2014 کے بعد سے میں نے کبھی انھیں ملنے کا وقت نہیں دیا۔ ایسی صورت میں ان کی مجھ سے ملاقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔‘‘ لیکن ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ ’’چونکہ وہ راجیہ سبھا کے رکن تھے اور کبھی کبھی ایوان میں آتے تھے تو انھوں نے اس موقع کا فائدہ اٹھایا اور ایک بار جب میں اپنے کمرے کی طرف جا رہا تھا تو ان سے میری ملاقات ہوئی۔‘‘

ارون جیٹلی نے مزید کہا کہ ’’وہ تیزی سے میری طرف آئے اور انھوں نے کہا کہ وہ سیٹلمنٹ کی تجویز لے کر آئے ہیں۔‘‘ وزیر مالیات نے اپنے بیان میں آگے لکھا کہ ’’میں ان کے ذریعہ قبل میں کیے گئے پیشکش سے واقف تھا، اس لیے میں نے انھیں نرمی کے ساتھ سمجھایا کہ مجھ سے بات کرنے سے کوئی فائدہ نہیں، انھیں جو بھی پیشکش دینی ہے وہ بینکوں کو دیں۔ انھوں نے کچھ کاغذات ہاتھ میں پکڑے ہوئے تھے، لیکن میں نے ان سے وہ کاغذات نہیں لیے۔‘‘ جیٹلی نے صفائی پیش کی ہے کہ ’’اس ایک ملاقات اور بات چیت کے علاوہ میں نے کبھی وجے مالیا کو ملنے کا وقت نہیں دیا۔‘‘

جیٹلی کی صفائی کے بعد جب لندن میں وجے مالیا سے یہ پوچھا گیا کہ کیا انھوں نے لندن روانہ ہونے سے پہلے بی جے پی کے کسی دیگر لیڈر سے بھی ملاقات کی تھی، تو انھوں نے کہا کہ ہندوستان چھوڑنے سے قبل پارلیمنٹ کے کئی اراکین سے بات کی اور یہ خواہش ظاہر کی کہ وہ بینک کے ساتھ سیٹلمنٹ کرنا چاہتے ہیں۔ مالیا اور جیٹلی کے بیان کے بعد کانگریس کے پی ایل پونیا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ ہندوستان سے فرار ہونے سے دو روز قبل انھوں نے مالیا اور جیٹلی کو پارلیمنٹ کے سنٹرل ہال میں کافی دیر تک بات چیت کرتے ہوئے دیکھا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 12 Sep 2018, 8:59 PM