جیل میں بند سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی کو مشکلات کا سامنا، وکیل نے کیس لڑنے سے کیا انکار
ایڈووکیٹ گورو دیکشت نے میڈیا اہلکاروں سے کہا کہ شروعات سے ہی میں ان کے معاملے سے متعلق سبھی قانونی معاملوں کو دیکھ رہا ہوں، لیکن اب میں ان کا کیس لڑنے کی حالت میں نہیں ہوں۔
جیل میں بند سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی عرفان سولنکی کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ ان کے وکیل گورو دیکشت نے ان کا کیس لڑنے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گورو دیکشت نے اس بنیاد پر عدالت میں سولنکی کا کیس لڑنے سے انکار کر دیا ہے کہ انھیں چار مہینوں سے فیس کی ادائیگی نہیں کی جا رہی ہے۔ دیکشت نے الزام عائد کیا کہ چار ماہ میں قانونی فیس کی شکل میں 32 لاکھ روپے عرفان پر بقایہ ہے۔
ایڈووکیٹ گورو دیکشت نے میڈیا اہلکاروں سے اس بارے میں کہا کہ ’’کیس کی شروعات سے ہی میں ان کے معاملے سے متعلق سبھی قانونی معاملوں کو دیکھ رہا ہوں۔ لیکن اب میں ان کا کیس لڑنے کی حالت میں نہیں ہوں۔‘‘ اس سلسلے میں وکیل نے اے ڈی جے-1 کورٹ میں رکن اسمبلی کے خلاف شکایت بھی دی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ عرفان اور ان کے بھائی رضوان کے خلاف ایک معاملے میں ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے عرفان مہاراج گنج جیل میں بند ہیں۔ ان کے خلاف جاجمو تھانہ میں آگ زنی کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ اس میں دونوں بھائیوں نے دیگر لوگوں کے ساتھ مل کر ڈیفنس کالونی میں ایک خاتون کے گھر میں آگ لگا دی تھی۔
علاوہ ازیں عرفان سولنکی پر اشرف علی کے نام پر دہلی سے ممبئی تک ہوائی سفر کرنے کے لیے فرضی آدھار کارڈ کا استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں ان کے خلاف گوال ٹولی تھانہ میں سنگین دفعات میں ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ پولیس نے ان کے خلاف چھ مزید معاملے درج کیے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔