نیٹ-یوجی کونسلنگ ملتوی ہونے پر جئے رام رمیش کا رد عمل، وزیر اعظم اور وزیر تعلیم کو غیر حساس قرار دیا

انڈرگریجویٹ میڈیکل کورسس میں داخلے کے لیے نیٹ یوجی کاؤنسلنگ ملتوی کئے جانے کی خبر سامنے آئی ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے

جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
جئے رام رمیش، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے نیٹ یوجی کونسلنگ ملتوی ہونے کی خبر پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مرکز کی مودی حکومت پر حملہ بولتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم لایکس پر لکھا، ’’پورا نیٹ-یوجی کا معاملہ ہر دن بدتر ہوتا جا رہا ہے۔ اس سے صاف ظاہر ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر تعلیم اس معاملہ میں کتنے نااہل اور غیر حساس ہیں۔ ہمارے لاکھوں نوجوانوں کا مستقبل ان کے ہاتھوں میں بالکل بھی محفوظ نہیں ہے۔‘‘

دراصل، نیٹ-یوجی امتحان سے متعلق ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ انڈرگریجویٹ میڈیکل کورسس میں داخلے کے لیے نیٹ یوجی کونسنگ ملتوی کر دی گئی ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے سرکاری ذرائع کے حوالے سے یہ خبر دی ہے۔ خبر رساں ایجنسی اے این آئی کے مطابق، نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی نے ہفتہ کو ہونے والی قومی اہلیت کم داخلہ ٹیسٹ-انڈر گریجویٹ (نیٹ-یوجی) کی کونسلنگ کو ملتوی کر دیا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ وزارت تعلیم جلد ہی نئی تاریخوں کا اعلان کرے گی۔


رپورٹ کے مطابق نیٹ-یوجی امتحان میں شرکت کرنے والے طلبا کے داخلے کے لئے کونسلنگ کا عمل آج یعنی 6 جولائی 2024 کو ہی شروع ہونا تھا، جسے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں، سپریم کورٹ کی جانب سے کونسلنگ کے عمل پر روک لگانے سے انکار کر دیا گیا تھا، تاہم اس کے حوالہ سے کوئی شیڈیول جاری نہیں کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ، درخواست گزاروں نے اس عمل کو دو دن تک روکنے کی درخواست کی تھی کیونکہ سپریم کورٹ 8 جولائی کو نیٹ-یوجی سے متعلق معاملات کی سماعت کرے گا۔ میڈیکل کونسلنگ کمیٹی (ایم سی سی) کی جانب سے نیٹ-یوجی کونسلنگ کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان جلد کیا جا سکتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سپریم کورٹ میں اس سے متعلق ممکنہ طور پر زیر التوا درخواستوں کی سماعت کے بعد تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔