جہانگیرپوری تشدد: ملزم غلام رسول کی عبوری ضمانت کی درخواست انسانی بنیادوں پر منظور
دہلی کی ایک عدالت نے جہانگیرپوری تشدد کیس کے ملزم غلام رسول کی عبوری ضمانت کی درخواست انسانی بنیادوں پر منظور کر لی ہے۔ دراصل غلام رسول کی بیوی حاملہ ہے اور اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے
نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے جہانگیرپوری تشدد کیس کے ملزم غلام رسول کی عبوری ضمانت کی درخواست انسانی بنیادوں پر منظور کر لی ہے۔ دراصل غلام رسول کی بیوی حاملہ ہے اور اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ رپورٹ کے مطابق وکیل نے استدعا کی کہ ملزم کا ایک نابالغ بیٹا ہے اور والدین اس سے علیحدہ رہتے ہیں کیونکہ اس نے ان کی مرضی کے خلاف شادی کی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزم پر آئی پی سی کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس پر آرمس ایکٹ کی دفعہ کے تحت بھی مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ سرکاری وکیل نے غلام رسول کی درخواست ضمانت کی مخالفت کی تھی۔ سرکاری وکیل نے کہا تھا کہ اگرچہ طبی دستاویزات کے ساتھ ضروری ترسیل کی تاریخ کی تصدیق کی گئی ہے اور وہ درست پائے گئے ہیں لیکن وہ موجودہ درخواست کی مخالفت کر رہے ہیں کیونکہ رسول پر فسادات وغیرہ کے سنگین جرائم کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
استغاثہ نے دلیل دی ‘‘وہ قانون کے عمل سے دور بھاگ سکتا ہے۔ علاقے میں حالات اب بھی ٹھیک نہیں ہیں اور درخواست گزار کی رہائی سے صورت حال ایک بار پھر خراب ہو سکتی ہے۔‘‘ عرضداشتوں کے بعد عدالت نے کہا کہ 'اس حوالے سے دستاویزات کی تصدیق کی گئی ہے اور وہ درست ہیں۔ ملزم والد سے الگ رہتا ہے۔
عدالت نے کہا، چنانچہ انسانی بنیادوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ملزم غلام رسول کی عبوری ضمانت کی درخواست ایک ہفتے کے لیے 50000 روپے کے ذاتی مچلکہ پر منظور کی جاتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم پیشگی اطلاع کے بغیر دہلی نہ چھوڑے گا اور تفتیشی افسر سے رابطے میں رہے گا۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اپنے رہائشی پتے میں تبدیلی کی صورت میں عدالت کو آگاہ کرنا ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔