جموں وکشمیر: سی آر پی ایف اہلکار نے کیا 3 ساتھیوں کا قتل، خود پر بھی چلائیں گولیاں

سی آر پی ایف کمانڈنٹ ہریندر سنگھ نے بتایا ’واقعہ میں ہمارے تین جوانوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ چوتھا جوان جس نے گولیاں چلائیں وہ بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ یہ کوئی ملی ٹنٹ حملہ نہیں تھا‘۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے ضلع ادھم پور میں گذشتہ رات سینٹرل ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک اہلکار نے اپنے آپ کو گولی مار کر شدید زخمی کرنے سے قبل اپنے تین سینئر ساتھیوں پر پے در پے گولیاں چلاکر انہیں ہلاک کردیا۔

برادر کشی کا یہ واقعہ پولس تھانہ ادھم پور کے حدود میں آنے والے بٹل بالیاں میں واقع 187 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں پیش آیا ہے۔ ایک سینئر پولس عہدیدار نے بتایا '187 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں ایک اہلکار نے اپنے تین ساتھیوں پر گولیاں چلاکر انہیں مار ڈالا'۔

انہوں نے بتایا 'اپنے ساتھیوں پر گولیاں چلانے کے مرتکب اہلکار نے اپنے آپ بھی گولیاں چلاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی، وہ شدید طور پر زخمی ہوگیا وہ اس وقت اسپتال میں زیر علاج ہے'۔ 187 بٹالین سی آر پی ایف کمانڈنٹ ہریندر سنگھ نے نامہ نگاروں کو بتایا 'واقعہ میں ہمارے تین جوانوں کی موت واقع ہوئی ہے۔ چوتھے جوان جس نے گولیاں چلائیں وہ بھی موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا ہے۔ یہ کوئی ملی ٹنٹ حملہ نہیں تھا'۔

مہلوک سی آر پی ایف اہلکاروں کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل پوکرمال ساکن راجستھان، ہیڈ کانسٹیبل امید سنگھ ساکن ہریانہ اور ہیڈ کانسٹیبل جوگیندر شرما ساکنہ دہلی کے طور پر ہوئی ہے۔ گولیاں چلانے والے اہلکار جس کی شناخت کانسٹیبل اجیت سنگھ ساکن کانپور کے طور پر ہوئی ہے، ضلع اسپتال ادھم پور میں زیر علاج ہے جہاں اس کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 187 بٹالین سی آر پی ایف کیمپ میں گذشتہ رات قریب دس بجے کانسٹیبل اجیت سنگھ کی اپنے سینئر ساتھیوں کے ساتھ کسی بات کو لیکر زبردست توتو میں میں ہوئی۔ انہوں نے بتایا 'لفظی جنگ کے بیچ اجیت سنگھ نے اپنی سروس رائفل سے اپنے سینئر ساتھیوں پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں تین اہلکاروں کی موقع پر موت واقع ہوئی۔ اپنے ساتھیوں کو خون میں لت پت دیکھ کر اجیت سنگھ نے اپنے آپ پر بھی گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا'۔

ریاستی پولس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ واقعہ کی نسبت پولس تھانہ ادھم پور میں ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم سی آر پی ایف اہلکار کی حالت تشویشناک ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔