ستیہ پال ملک بی جے پی کے گورنر ہیں، وہ مزار شہداء پر کیوں آئیں گے: فاروق عبداللہ
ڈاکٹر فاروق نے کہا ’وہ (ستیہ پال ملک) بی جے پی کے گورنر ہیں، وہ یہاں کیوں آئیں گے، وہ آپ بھی جانتے ہیں، میں بھی جانتا ہوں۔ خدا کی طاقت بہت بڑی ہے‘۔
سری نگر: نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے یوم شہداء کے موقع پر مزار شہداء پر جموں و کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک کا خراج عقیدت کے لئے حاضر نہ ہونے کے ردعمل میں کہا ہے کہ ستیہ پال ملک بی جے پی کے گورنر ہیں اور یہی وجہ ہے کہ وہ مزار شہداء پر نہیں آئے۔
سری نگر کے خواجہ بازار میں واقع 'مزار شہدا' پر ہفتہ کے روز سال 1931ء کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد نامہ نگاروں کی طرف سے پوچھے گئے سوال کہ گورنر مزار شہداء پر حاضر کیوں نہیں ہوئے کے جواب میں ڈاکٹر فاروق نے کہا ’وہ (ستیہ پال ملک) بی جے پی کے گورنر ہیں، وہ یہاں کیوں آئیں گے، وہ آپ بھی جانتے ہیں ، میں بھی جانتا ہوں۔ خدا کی طاقت بہت بڑی ہے‘۔
بتادیں کہ گورنر ستیہ پال ملک نے ہفتہ کے روز مزار شہدا پر سال 1931ء کے شہیدوں کوخراج عقیدت پیش کرنے لے لئے اپنے مشیر خورشید احمد گنائی کو بھیجا تھا۔ اسمبلی انتخابات کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا 'الیکشن کیوں نہیں ہوں گے، الیکشن ضرور ہوں گے، الیکشن ہونے ہیں آج نہیں تو کل ہوں گے'۔ فاروق نے مزید کہا کہ یہاں ہر کسی کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے میڈیا کو بھی اشتہار نہیں دیئے جا رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ 13 جولائی کو جموں و کشمیر میں شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے تئیں سرکاری تعطیل بھی ہے اور اس روز تمام مین اسٹریم جماعتوں کے نمائندے مزار شہدا پر حاضر ہوکر شہداء کی قبر پر خراج عقیدت کے پھول نچھاور کرتے ہیں لیکن بی جے پی کے لیڈران ہمیشہ ان تقریبات سے دور ہی رہتے ہیں۔ پی ڈی پی اور بی جے پی کی مخلوط دور حکومت میں بھی بی جے پی کے وزراء اس موقع پر مزار شہدا پر حاضر ہونے سے دور رہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔