کھلاڑیوں کا سڑکوں پر اترنا افسوسناک، انہیں جلد انصاف ملنا چاہئے: نیرج چوپڑا

جیولن تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ڈبلیو ایف آئی کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں کی حمایت میں اترتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو سڑکوں پر دیکھنا افسوسناک ہے اور انہیں جلد از جلد انصاف ملنا چاہیے

نیرج چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس
نیرج چوپڑا، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

نئی دہلی: ہندوستان کے سرفہرست جیولن تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے خلاف احتجاج کرنے والے پہلوانوں کی حمایت میں اترتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ کھلاڑیوں کو سڑکوں پر دیکھنا افسوسناک ہے اور انہیں جلد از جلد انصاف ملنا چاہیے۔

ٹوکیو اولمپک 2020 کے گولڈ میڈلسٹ نیرج نے ٹوئٹ کیا، "ہمارے ایتھلیٹوں کو انصاف کے لیے سڑکوں پر اترتے دیکھنا افسوسناک ہے۔ انہوں نے ہمارے عظیم ملک کی نمائندگی کرنے اور ہمیں عزت دلانے کے لیے سخت محنت کی ہے۔"

انہوں نے مزید کہا کہ "ایک قوم کے طور پر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ہر فرد کی سالمیت اور وقار کا تحفظ کریں، چاہے وہ کھلاڑی ہو یا نہ ہو۔ جو کچھ ہو رہا ہے وہ نہیں ہونا چاہیے۔"

قابل ذکر ہے کہ بجرنگ پونیا، ساکشی ملک اور ونیش پھوگاٹ سمیت ملک کے کئی مشہور پہلوان گزشتہ اتوار سے ڈبلیو ایف آئی کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔


پہلوانوں نے برج بھوشن پر جنسی استحصال جیسے کئی سنگین الزامات لگائے ہیں اور ان کا مطالبہ ہے کہ انہیں صدر کے عہدے سے ہٹاکراس معاملے کی پولیس سے جانچ کرائی جائے۔ پہلوانوں کا یہ بھی مطالبہ ہے کہ وزارت کھیل کی جانب سے قائم کردہ ڈبلیو ایف آئی کی مانیٹرنگ کمیٹی کی انکوائری رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے۔

نیرج نے کہا، ’’یہ ایک حساس مسئلہ ہے اور اسے منصفانہ اور شفاف طریقے سے نمٹایا جانا چاہیے۔ متعلقہ حکام کو انصاف یقینی بنانے کے لیے فوری کارروائی کرنی چاہیے۔’’

پہلوانوں نے اپنے مطالبات کو لے کر ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ عدالت نے برج بھوشن کے خلاف جنسی استحصال کے الزامات کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے کی سماعت 28 اپریل کو کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔