سردار پٹیل کے نام سے 500 بیڈ کا کووڈ سینٹر شروع، لیکن داخلہ کے لئے افسر کی منظوری لازمی

دہلی میں سردار پٹیل کے نام سے دوسرا کووڈ سینٹر کھولا گیا ہے، لیکن چھترپور میں کھولے گئے نئے سینٹر میں مریض کو داخلہ کے لئے افسر سے منظوری لینی ہوگی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

کورونا وبا سے بری طرح متاثر راجدھانی دہلی میں مریضوں کے لئے ایک راحت کی خبر ہے۔ دہلی کے چھترپور علاقہ میں آئی ٹی بی پی نے رادھا سوامی ستسنگ ویاس آشرم کی جگہ پر 500 بستروں کا نیا کووڈ کیئر سینٹر شروع کیا ہے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال، نائب وزیر اعلی منیش سسودیا اور وزیر صحت ستیندر جین نے اس نئے کووڈ کیئر سینٹر کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔

واضح رہے اس سے پہلے ڈی آر ڈی او نے ائیر پورٹ کے قریب ایک اسپتال بنایا ہے اور اس کا نام بھی سردار پٹیل پر ہی رکھا ہے۔ چھترپور میں اس اسپتال کے شروع ہونے کے بعد دہلی والوں کو راحت تو ضرور ملی ہے، لیکن اس کے ساتھ ایسی شرط جوڑ دی گئی ہے جس کی وجہ سے پریشانیاں بڑھ بھی سکتی ہیں۔ اے بی پی نیوز پر شائع خبر کے مطابق اس اسپتال میں داخلہ کے لئے مریض کو ضلع سرویلانس افسر سے منظوری لینا لازمی ہوگا۔ اس منظوری کے بعد ہی وہاں داخلہ ملے گا۔


واضح رہے ریاست اتر پردیش میں بھی اس طرح کا ایک قانون تھا کہ اسپتالوں میں داخلہ کے لئے سی ایم او کی منظوری لازمی تھی، جس کی وجہ سے مریضوں کے علاج میں تاخیر ہوئی اور کئی قیمتی جانیں چلی گئیں۔ اس پر جب کافی ہنگامہ ہوا تو اتر پردیش حکومت نے یہ فیصلہ واپس لے لیا تھا۔

چھترپور میں کھولے گئے اس کووڈ کیئر سینٹر میں آئی سی یو کا انتظام نہیں ہے اس لئے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسے مریض اس سینٹر میں نہ آئیں جن کی حالت نازک ہے یا جن کو آئی سی یو کی ضرورت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔