چھوٹے مودی اور میہل نے اٹلی کے بینک کو بھی کروڑوں کا نقصان پہنچایا

ہانگ کانگ واقع بینک انٹیسا سانپولو کے برانچ کو پنجاب نیشنل بینک کی جانب سے جاری بیرون ملکی برانچ لیٹر یعنی ایف ایل سی کے بدلے پیسہ دینے کے لیے کہا گیا تھا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

پی این بی مہاگھوٹالہ میں جن دوسرے بینکوں سے نیرو مودی اور اس کے ماما میہل چوکسی نے پیسہ اٹھایا تھا، اس کی زد میں اٹلی کا ایک بینک بھی آیا ہے۔ پنجاب نیشنل بینک نے سی بی آئی کو دی گئی اپنی شکایت میں بینکوں کی جو فہرست سونپی ہے اس میں اس بینک کا بھی تذکرہ ہے جسے سی بی آئی نے 15 فروری کو درج اس گھوٹالے کی دوسری ایف آئی آر میں شامل کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ماما-بھانجے کی کمپنی گیتانجلی گروپ نے اٹلی کے بینک انٹیسا سانپولو ایس پی اے سے پی این بی کے ایف ایل سی پر 2200011 ڈالر یعنی 14.08 کروڑ روپے لیے تھے جس کی ادائیگی 19 مارچ کو کی جانی ہے۔

پی این بی نے انٹیسا سانپولو سے نکالی گئی رقم کا تذکرہ برانچ کے صرف سوئفٹ کوڈ میں دیا ہے جس میں نام کا تذکرہ کرنا لازمی نہیں ہوتا۔ سوئفٹ کوڈ ایک طرح کا آئی ایف ایس سی کوڈ ہوتا ہے جو دو بینکوں کے درمیان براہ راست لین دین کا کوڈ ہوتا ہے اور بغیر کسی کاغذ کے وائر کے ذریعہ اس کوڈ کے سہارے پیسہ ایک بینک سے دوسرے بینک میں جاتا ہے۔ پی این بی کے جس سوئفٹ کوڈ پر انٹیسا سانپولو نے پیسہ دیا ہے اسے پنجاب نیشنل بینک کو 19 مارچ تک ادا کرنا ہے۔

جمعرات کو جب پنجاب نیشنل بینک کے ڈائریکٹر اور سی ای او سنیل مہتا نے دہلی میں ایک پریس کانفرنس کیا تھا تو انھوں نے بھی کہا تھا کہ ان کے بینک کی جانب سے جاری ایل او یو اور ایف ایل سی پر رقم دینے والوں میں ایک کو چھوڑ کر بقیہ سارے ہندوستانی بینکوں کے غیر ملکی برانچ ہیں۔ انھوں نے غیر ملکی بینکوں کا نام نہیں بتایا تھا۔ لیکن اب اس بینک کا نام سامنے اآیا ہے اور یہ اٹلی کا انٹیسا سانپولو بینک ہے۔

انٹیسا سانپولو بینک کو اس کے پیسے ملیں گے یا نہیں اس پر ابھی کوئی صاف رخ پی این بی کی طرف سے نہیں آیا ہے۔ پی این بی نے ابھی تک اس کے برانچ سے جاری ایل او یو اور ایف ایل سی کے بدلے ادائیگی پر کوئی کمٹمنٹ نہیں دکھایا ہے۔ اس سلسلے میں انڈین بینکنگ ایسو سی ایشن بھی تذبذب میں ہے اور اس ایشو پر میٹنگ کر کے کوئی پالیسی بنانے والا ہے۔

نیرو مودی اور میہل چوکسی کی کمپنیوں کی جانب سے ایل او یو اور ایف ایل سی حاصل کرنے پر جن ہندوستانی بینکوں کے برانچوں نے پیسے پی این بی کے غیر ملکی کرنسی اکاونٹس میں کریڈٹ کر دیا ان میں ہندوستانی اسٹیٹ بینک کے ماریشس اور فرینکفرٹ واقع برانچ، بینک آف انڈیا کے اینٹورپ واقع برانچ، کینرا بینک کے بحرین واقع برانچ، ایکسس بینک کے ہانگ کانگ واقع برانچ، یونین بینک آف انڈیا کے ہانگ کانگ واقع برانچ اور یوکو بینک کے ہانگ کانگ واقع برانچ شامل ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Feb 2018, 1:18 PM