’میں نے ہی افسر کو فون پر دھمکی دی‘، بی جے پی لیڈر سنگیت سوم کی ویڈیو وائرل

بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی سنگیت سوم کہتے ہیں کہ کشتریہ سماج کو متحد ہونا ہوگا، سماج میں کمزور پکڑ کے سبب سماج کے لوگوں کو پارٹیوں سے ٹکٹ لینے میں جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔

سنگیت سوم، تصویر آئی اے این ایس
سنگیت سوم، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی سنگیت سوم کی ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں وہ کہتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں کہ ’’اگر افسر ٹھیک طرح سے کام نہیں کریں گے، قانون پر عمل نہیں کریں گے تو عوام سے جوتوں سے پٹواؤں گا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’کشتریہ سماج کو متحد ہو کر سیاست میں مضبوط پکڑ بنانی ہوگی۔ سماج کی برائیاں آپس میں بیٹھ کر نمٹائیں۔ زمینداری جذبہ چھوڑ کر سماج کے کمزور لوگوں کی مدد میں آگے آئیں۔‘‘

یہ بیان سنگیت سوم نے اتوار کے روز مونڈھاپانڈے کے بھیت کھیڑا گاؤں میں منعقد ’کشتریہ سوابھیمان‘ کے عنوان پر منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ اکھل بھارتیہ کشیتریہ مہاسبھا کی طرف سے منعقد اس تقریب میں سنگیت سوم نے اپنے ایک پرانے بیان کو بھی پھر سے دہرایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’صحافی دوست مجھ سے پوچھ رہے تھے کہ آپ نے ایک افسر کو دھمکایا تھا۔ آپ کے بیان کی آڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔ دوسرا لیڈر ہوتا تو کہتا کہ نہیں وہ میری آواز نہیں ہے۔ میں نے کہا کہ ہاں، میں نے دھمکایا۔ اگر افسر ٹھیک طرح سے کام نہیں کریں گے اور قانون پر عمل نہیں کریں گے تو عوام سے ہی جوتوں سے پٹواؤں گا۔‘‘


تقریب کے دوران سنگیت سوم نے کشتریہ سماج سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’آپ لوگ کمزوری کی بات مت کریں۔ کمزور مت بنیں۔ کشتریہ سماج کو متحد ہونا ہوگا۔ سماج میں کمزور پکڑ کے سبب سماج کے لوگوں کو پارٹیوں سے ٹکٹ لینے میں جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔ تلوار اور بندوق کی لڑائی چھوڑ کر متحد ہو کر سیاسی پکڑ مضبوط بنائیں۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ کندرکی اسمبلی حلقہ میں سماج کی طاقت کمزور ہونے کے سبب لوگوں کو پشتہ و سڑکوں کے مطالبہ کو لے کر بھٹکنا پڑ رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔