روزہ کی حالت میں کورونا ٹِیسٹ کرانا جائز: دارالعلوم دیوبند

دارالعلوم دیوبند کے شعبہ دارالافتاء سے جاری فتویٰ کے مطابق روزہ کی حالت میں کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے ناک یا حلق کی رطوبت دینا جائز ہے اور اس سے روزہ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

تصویر: دار العلوم دیوبند
تصویر: دار العلوم دیوبند
user

عارف عثمانی

دیوبند: پوری دنیا کو متاثر کرنے والے کورونا وائرس کے انفیکشن سے متعلق اسلامی تعلیم کے مرکز دارالعلوم دیوبند نے ایک اہم فتوی جاری کیا ہے۔ دارالعلوم دیوبند کے شعبہ دارالافتاء کے مفتیان نے کورونا وائرس سے متعلق ٹیسٹ کرائے جانے سے متعلق کہا کہ روزہ کی حالت میں مذکور ہ ٹیسٹ کے لئے ناک یا منہ سے رطوبت کا نمونہ دینا جائز ہے ، ایسا کرنے سے روزہ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

دراصل تنظیم دعوة الصدق، سیوہارہ، بجنور کے بانی وناظم ارشد علی کی جانب سے اس سلسلے میں سوال پوچھا گیا تھا جس کے جواب میں دارالعلوم دیوبند کے شعبہ دارالافتاء نے فتویٰ جاری کیا ہے۔ ارشد علی نے سوال پوچھا تھا کہ”روزہ کی حالت میں کورونا وائرس ٹیسٹ کا کیا حکم ہے؟ اس سے روزہ تو نہیں ٹوٹتا؟ “ اس کے جواب میں مفتیان کرام نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ٹیسٹ میں ناک کے اندرونی حصہ کی رطوبت اور حلق کی دیوار پر لگی ہوئی رطوبت لینے کے لئے ناک اور حلق میں جو پلاسٹک کی اسٹک ڈالی جاتی ہے ، اس میں یا اس کے ایک کنارے پر لگی ہوئی روئی میں کسی طرح کی کوئی دوا یا کیمیکل نہیں ہوتااور یہ اسٹک صرف ایک بار ڈال کر اور اندر گھماکر واپس نکال لی جاتی ہے، دوبارہ نہیں ڈالی جاتی۔ یعنی ناک یا حلق کی رطوبت میں حلق یا دماغ میں کوئی دوا یا کیمیکل نہیں جاتا بلکہ سادی اور خشک روئی میں ناک اور حلق کی رطوبت لی جاتی ہے اور اسے مشین کے ذریعہ چیک کیا جاتاہے۔ لہٰذا روزہ کی حالت میں کورونا وائرس ٹیسٹ کے لئے ناک یا حلق کی رطوبت دینا جائز ہے اور اس سے روزہ پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 Apr 2020, 10:11 PM