کوئی ہندوستان کو آنکھ دکھائے، یہ منظور نہیں: راج ناتھ سنگھ
مسلح افواج کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلاتے ہوئے مرکزی وزیر دفاع نے کہا کہ فوج کا مضبوط ہونا ضروری ہے جس سے وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لے ہمیشہ تیار رہ سکے۔
نئی دہلی: وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے آج چین کا نام لئے بغیر کہا کہ ہندوستان امن کے حق میں ہے اور کبھی کسی پر حملہ نہیں کرتا، لیکن اسے کسی کا آنکھ دکھانا منظور نہیں ہے اور اس کی فوج ہر طرح کے چیلنج کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ فوج کے سربراہ منوج مکند نروانے کے ساتھ لیہ اور لداخ کے تین دن کے دورہ پر گئے راج ناتھ سنگھ نے پیر کو لداخ کے کارو آرمی اسٹیشن کی 14ویں کور کے حکام اور جوانوں سے بات کی۔ بعد میں انہیں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے گزشتہ برس چینی فوجیوں کے ساتھ پرتشدد تصادم میں شہید ہوئے ملک کے فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ میں سب سے پہلے ان تمام جوانوں کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے جون 2020 میں ’گلوان وادی‘ میں ملک کے لئے اپنی جان کی قربانی دی۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ ملک ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گا۔ انہوں نے فوج کی طرف سے اس دوران دکھائی گئی بہادری کی تعریف کی اور کہا کہ ملک کو اس پر فخر ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ ہندوستان پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنے کی خواہش رکھتا ہے لیکن ملک کی حفاظت کے ساتھ کسی بھی قیمت پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عالمی امن کے پجاری ہیں۔ ہم ہتھیار بھی اٹھاتے ہیں تو امن کے قیام کے لئے۔ ہندوستان نے آج تک کسی بھی ملک پر نہ تو حملہ کیا ہے نہ ہی کسی بھی ملک کی ایک انچ زمین پر ہم نے قبضہ کیا ہے۔ پڑوسی ممالک کے ساتھ بات چیت کے ذریعہ مسائل کا حل نکالنے کی کوشش کی جانی چاہیے۔
راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ارادہ واضح ہونا چاہیے۔ ہم نہ تو کسی کو آنکھ دکھانا چاہتے ہیں نہ کسی کا آنکھ دکھانا منظور ہے۔ ہماری فوج میں ہر چیلنج کا منہ توڑ جوا ب دینے کی صلاحیت ہے۔ مسلح افواج کو حکومت کی طرف سے ہر ممکن حمایت کا یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا ویزن ہے کہ فوج کا مضبوط ہونا ضروری ہے جس سے وہ کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لے ہمیشہ تیار رہ سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔