ریاست، حکومت اور انتظامیہ کو سیکولر ہونا چاہیے: نتن گڈکری
بی جے پی رہنما نتن گڈکری نے ہندوستانی آئین میں شامل سیکولرازم کے اصول پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاست، حکومت اور انتظامیہ کو سیکولر ہونا چاہیے۔
سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہ کے مرکزی وزیر نتن گڈکری اپنی بے باکی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ کئی مرتبہ انہوں نے اپنی ہی پارٹی کی غلطیوں اور خامیوں کو بھی اُجاگر کیا ہے اور اس پر بے جھجک ہو کر اپنی رائے پیش کی ہے۔ کچھ اسی طرح کا ان کا بیان ایک بار پھر سامنے آیا جب انہوں نے ہفتہ کو بی جے پی میں داغی رہنماؤں کے داخل ہونے پر اپنی فکرمندی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بی جے پی تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے اس کا موازنہ بیمار فصلوں سے کیا اور کہا کہ تنظیم کو اسے صاف کرنے کی ضرورت ہے۔
اپنے بیان میں نتن گڈکری نے ہندوستانی آئین میں شامل سیکولرازم کے اصول پر بھی زور دیا اور کہا کہ حکومت اور انتظامیہ کو سیکولر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص کبھی سیکولر نہیں ہو سکتا لیکن ریاست، حکومت اور انتظامیہ کو سیکولر ہونا ہوگا۔
ناگپور کے رکن پارلیمنٹ نے بی جے پی کی تیزی سے توسیع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ "جیسے جیسے فصل بڑھتی ہے، بیماریاں بھی بڑھتی ہیں"۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے پاس بہت ساری فصلیں ہیں، جو اچھے اناج کے ساتھ ساتھ کچھ بیماریاں بھی لاتی ہیں اس لیے ہمیں ایسی بیمار فصلوں پر جراثیم کش کا چھڑکاؤ کرنا پڑتا ہے۔
'ممبئی تک' کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے بی جے پی کی سالمیت کو بنائے رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کارکنوں کی پارٹی ہے۔ الگ الگ وجوہات سے لوگ آ رہے ہیں، انہیں تربیت دینا، اپنی فکر سے جوڑنا اور کارکن بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔ ہماری کوشش جاری ہے۔ ایک ہزار کارکن کھڑے ہوتے ہیں، لیکن کبھی کبھی ایک کارکن کچھ کہہ دیتا ہے اور ان ہزار کارکنان کی کوششیں رائیگاں چلی جاتی ہیں۔
مرکزی وزیر نتن گڈکری کا یہ بیان ایسے وقت پر آیا ہے جب بی جے پی مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کی تیاری کر رہی ہے۔ بی جے پی مہاراشٹر میں شیو سینا (ایکناتھ شندے کی قیادت والی) اور اجیت پوار کی نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے ساتھ انتخاب لڑ رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔