مہاراشٹر اسمبلی الیکشن: بے روزگاری اور دیہی عوام کے مسائل کو بنایا جائے گا انتخابی ایشو، کانگریس کی میٹنگ میں فیصلہ

میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کانگریس کسانوں کے مسائل، لاء اینڈ آرڈر اور بے روزگاری جیسے موضوعات پر ریاستی حکومت سے جارحانہ سوال کرے گی اور انہی سوالات کے ساتھ وہ عوام کی عدالت میں جائے گی۔

<div class="paragraphs"><p>میٹنگ کے کانگریس کے لیڈران میڈیا سے بات کرتے ہوئے / ایم پی سی سی</p></div>

میٹنگ کے کانگریس کے لیڈران میڈیا سے بات کرتے ہوئے / ایم پی سی سی

user

قومی آوازبیورو

مہاراشٹر میں اس سال کے اخیر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ اس کے لیے تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ اسی ضمن میں ممبئی میں کانگریس پارٹی کی ایک اہم میٹنگ ہوئی جس میں اسملبی الیکشن کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اس کے تحت آنے والے اسمبلی الیکشن میں کانگریس پارٹی بے روزگاری و دیہی عوام کی مشکلات کو موضوع بنائے گی اور آئین، جمہوریت و ریاستی وقار کے تحفظ کے حوالے سے عوام کے درمیان جائے گی۔ اس میٹنگ میں کانگریس کے لیڈر کے سی وینو گوپال اور مہاراشٹر کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا نے شرکت کی۔

اس میٹنگ سے متعلق پارٹی کی جانب سے دی گئی معلومات کے مطابق میٹنگ میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مہاراشٹر کانگریس کے لیڈر متحد ہو کر مہایوتی کے خلاف عوام کے درمیان جائیں گے۔ کانگریس کسانوں کے مسائل، لاء اینڈ آرڈر اور بے روزگاری کے مسائل پر ریاستی حکومت سے جارحانہ سوال کرے گی اور انہی سوالات کے ساتھ وہ عوام کی عدالت میں جائے گی۔ اس میٹنگ میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مہایوتی کی بدعنوانی اورغلط حکمرانی کو بے نقاب کرنے کے لیے آن گراؤنڈ اور سوشل میڈیا مہم کا سلسلہ بھی شروع کیا جائے گا اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اس مہم سے جوڑا جائے گا۔


میٹنگ میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ ریاست میں کانگریس کے حق میں ماحول بنانے کے لیے دیگر ریاستوں کے سینئر لیڈروں کو ذمہ داری سونپی جائے گی۔ اس کے علاوہ انتخابی مہم جارحانہ انداز میں چلانے کی حکمت عملی بھی تیار کر لی گئی ہے۔ کانگریس کے لیڈران نے کہا ہے کہ وہ ریاست میں لوک سبھا انتخابات جیسی کارکردگی کو دہرانے کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ریاست میں آنے والے انتخابات میں کانگریس سب سے زیادہ مضبوط اور بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔

میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا ہے کہ کانگریس پارٹی مہاراشٹر میں آئین، جمہوریت اور ریاستی وقار کی حفاظت کے لیے لڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم مہاراشٹر کو گجرات کا غلام نہیں بننے دیں گے۔ مہاراشٹر اور ممبئی کے اثاثے گجرات کو فروخت نہیں کیے جائیں گے۔ پٹولے نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ 20 اگست کو سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کا یوم پیدائش بڑے پیمانے پر منایا جائے گا۔ اس پروگرام میں کانگریس پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سمیت کئی قومی لیڈران موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام سے ہم ریاست میں اسمبلی انتخاب کی مہم کا بگل بجائیں گے۔ کانگریس کا عزم مہاراشٹر کو مہایوتی کی بدعنوان حکومت سے آزادی دلانا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔