پاکستان: اسلام آباد ہائی کورٹ نے شاہ محمود قریشی کی رِہائی کا بھی حکم کیا صادر، پولیس کو لگائی پھٹکار
9 مئی کو القادر ٹرسٹ معاملے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد شاہ محمود قریشی سمیت پی ٹی آئی کے کئی لیڈران کو پرتشدد مظاہرہ بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے بعد اب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لیڈر اور سابق وزیر شاہ محمود قریشی کو بھی اسلام آباد ہائی کورٹ نے راحت کی خبر سنائی ہے۔ ہائی کورٹ نے جمعرات کے روز شاہ محمود قریشی کی رہائی کا حکم صادر کر دیا۔ ساتھ ہی اسلام آباد پولیس کو شدید پھٹکار بھی لگائی۔
قابل ذکر ہے کہ شاہ محمود قریشی کو گزشتہ ہفتے اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب عمران خان کی گرفتاری کے احتجاج میں اسلام آباد میں پرتشدد مظاہرے ہو رہے تھے۔ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ معاملے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد شاہ محمود قریشی ہی نہیں، بلکہ پی ٹی آئی کے کئی دیگر لیڈران کو بھی پرتشدد مظاہرہ بھڑکانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔
آج شاہ محمود قریشی کی گرفتاری معاملے میں اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت ہوئی۔ دونوں فریقین کی دلیلیں سننے کے بعد عدالت نے 3 ایم پی او (مشتبہ اشخاص کو گرفتار کرنے اور حراست میں لینے کا اختیار) کے تحت سابق وزیر کی گرفتاری کو غلط ٹھہرایا۔
قابل ذکر ہے کہ شاہ محمود قریشی کی رِہائی کے بعد ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی لیڈر شہریار آفریدی کی بیوی کو بھی رِہا کرنے کا حکم دے دیا۔ رابعہ کو ایم پی او (عوامی نظام کے رکھ رکھاؤ) آرڈیننس کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ معاملے کی سماعت کے دوران اسلام آباد کے آئی جی نے عدالت کو بتایا کہ راولپنڈی میں جنرل ہیڈکوارٹر پر ہوئے حملے میں رابعہ اور ان کے شوہر شامل تھے۔ حالانکہ عدالت نے آئی جی کی باتوں کو درکنار کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کی زبردست پھٹکار لگائی۔ عدالت نے سخت لہجے میں پولیس سے کہا کہ وہ اپنی قانونی ٹیم سے صلاح لے کر کارروائی کرے گی تو زیادہ بہتر ہوگا۔ عدالت نے اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر کو بھی طلب کیا جنھوں نے عدالت کو بتایا کہ اسپیشل برانچ سے ملی اطلاع کے بعد آفریدی اور ان کی بیوی کی گرفتاری ہوئی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔