آئی ایس آئی ایجنٹ نشانت اگروال گرفتار، پاکستان کو دے رہا تھا خفیہ جانکاری
نشانت اگروال ناگپور واقع برہموس یونٹ میں کام کرتا ہے اور انھیں اتر پردیش اے ٹی ایس کی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ وہ خفیہ جانکاریاں مبینہ طور پر پاکستان اور امریکہ کو بھیجتے تھے۔
اتر پردیش اے ٹی ایس کی ٹیم نے ناگپور سے ایک آئی ایس آئی ایجنٹ کو گرفتار کیا ہے۔ پاکستان کو برہموس سے متعلق خفیہ جانکاری پہنچانے والے اس شخص کا نام نشانت اگروال ہے جو برہموس کے ناگپور یونٹ میں کام کرتا ہے۔ اے ٹی ایس کا کہنا ہے کہ برہموس میزائل یونٹ میں کام کرتے ہوئے اس نے برہموس سے متعلق تکنیکی اور خفیہ جانکاریاں پاکستان اور امریکہ تک پہنچائی ہیں۔ فی الحال نشانت اگروال کو گرفتار کر اے ٹی ایس اس سے پوچھ تاچھ کر رہی ہے۔
دراصل اے ٹی ایس کو نشانت پر گزشتہ کافی دنوں سے شبہ تھااور اسی وجہ سے 8 اکتوبر کو اسے گرفتار کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ یہ گرفتاری یو پی اے ٹی ایس اور فوجی خفیہ افسران کی مشترکہ کارروائی کے بعد عمل میں آئی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق نشانت اگروال کو آفیشیل سیکرٹ ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور اس سے اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس نے کیا کیا اطلاعات پاکستان یا امریکہ تک پہنچائی ہیں۔
اطلاعات کے مطابق نشانت اگروال کو 18-2017 کا ’یَنگ سائنٹسٹ ایوارڈ‘ بھی مل چکا ہے اور وہ برہموس کی ناگپور یونٹ میں سینئر سسٹم انجینئر کے طور پر کام کر رہا ہے۔ اس کے ماتحت سسٹم انجینئرنس، ٹیکنیکل سپروائزرس اور ٹیکنیشین سمیت 40 لوگوں کی ٹیم کام کرتی ہے۔ نشانت برہموس کے سی ایس آر اور ٹیکنالوجی آر اینڈ ڈی گروپ کا رکن بھی تھا۔ ساتھ ہی وہ برہموس ناگپور اور پیلانی سائٹس میں نئے پروجیکٹس کی بھی نگرانی کر رہا تھا۔ ڈی آر ڈی او نے اسے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔