ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ میں ایشا، آکاش اور اننت کو بنایا گیا نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، نیتا امبانی کا استعفیٰ منظور
مکیش امبانی نے کہا کہ وہ اگلے پانچ سال تک ریلائنس کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر بنے رہیں گے، امبانی نے بتایا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں بیوی کے ساتھ دادا-دادی بننے کا لطف لے رہے ہیں۔
ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ (آر آئی ایل) میں آج کچھ انتہائی اہم فیصلے کیے گئے۔ ایشا، آکاش اور اننت امبانی ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر بن گئے ہیں۔ شیئر ہولڈرس کی منظوری کے بعد آر آئی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹر نے پیر کے روز یعنی 28 اگست کو مکیش امبانی کے تینوں بچوں کو نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر مقرر کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی نیتا امبانی کے استعفیٰ کو بھی بورڈ نے منظور کر لیا ہے۔ کمپنی نے کہا کہ نیتا امبانی ریلائنس فاؤنڈیشن کی فاؤنڈر چیئرپرسن کے کردار میں بنی رہیں گی۔ ریلائنس فاؤنڈر کی چیئرپرسن کے طور پر نیتا امبانی آر آئی ایل بورڈ میٹنگوں میں شامل ہوتی رہیں گی۔ نیتا نے ریلائنس فاؤنڈیشن کو زیادہ وقت دینے کے لیے کمپنی کے بورڈ سے استعفیٰ دیا ہے۔
اس موقع پر مکیش امبانی نے کہا کہ وہ اگلے پانچ سال تک ریلائنس کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر بنے رہیں گے۔ امبانی نے بتایا کہ وہ اپنی ذاتی زندگی میں بیوی کے ساتھ دادا-دادی بننے کا لطف لے رہے ہیں۔ انھوں نے خود کو تین ذمہ داریاں سونپی ہیں- (1) ریلائنس میں اگلی نسل کے سبھی لیڈرس کو تیار کرنا، (2) خاص طور سے آکاش، ایشا اور اننت کی رہنمائی کرنا، (3) پرانے ساتھیوں کے ساتھ کمپنی کے کلچر کو خوشحال کرنا۔
واضح رہے کہ اب تک آکاش، ایشا اور اننت تینوں بچے صرف آپریٹنگ بزنس سطح پر شامل تھے اور کوئی بھی ہندوستان کی سب سے بڑی لسٹیڈ کمپنی کے بورڈ میں نہیں تھے۔ کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج فائلنگ میں کہا کہ ریلائنس کے بورڈ نے تینوں کی تقرری کو منظوری دی ہے۔ گزشتہ سال مکیش امبانی نے اپنے بڑے بیٹے آکاش امبانی کو ریلائنس جیو انفوکام لمیٹڈ کا چیئرمین بنایا تھا۔ ایشا امبانی ریلائنس ریٹیل کو سنبھال رہی ہے اور اننت امبانی نیو انرجی بزنس کو دیکھ رہے ہیں۔
بہرحال، نان ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کمپنی کے ڈے ٹو ڈے مینجمنٹ میں شامل نہیں ہوتے ہیں۔ یہ آزاد ایڈوائزر کی شکل میں کام کرتے ہیں۔ پالیسی میکنگ اور پلاننگ ایکسرسائز میں شامل ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹرس اور مینجمنٹ کے کاموں پر بھی نظر رکھتے ہیں۔ گزشتہ سال ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی 45ویں اے جی ایم میں مکیش امبانی نے کہا تھا کہ ’’تینوں بچوں کو پوری طرح سے ہمارے بانی ممبران کی ذہنیت وراثت میں ملی ہے۔ انھیں ہمارے سینئر لیڈرس سے ڈیلی بیسس پر مینٹر کیا جاتا ہے۔ میں اور بورڈ آف ڈائریکٹرس بھی مینٹر میں شامل ہیں۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔