کیا کرناٹک میں بھی یدی یورپا کی کرسی پر تلوار لٹکی ہوئی ہے؟
یدی یورپا نے کہا کہ جب تک اعلی کمان کا مجھ پر اعتماد ہے میں وزیر اعلی بنا رہوں گا اور جس دن وہ کہیں گے کہ ان کو میری ضرورت نہیں ہے تو میں استعفی دے دوں گا اور ریاست کی ترقی کے لئے دن رات کام کروں گا۔
اترا کھنڈ کے بعد اتر پردیش اور کرناٹک میں وزیر اعلی کو بدلنے کی بات بہت زوروں پر ہے۔ ان قیاس آرایوں کے بیچ کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے کہا ہے کہ وہ جب تک ریاست کے وزیر اعلی ہیں، جب تک پارٹی اعلی کمان کی مرضی ہوگی، اس کو لے کر ان کے ذہن میں کوئی کنفیوژن نہیں ہے۔ وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ’’جب تک دہلی کے اعلی کمان کا مجھ پر اعتماد ہے میں وزیر اعلی بنا رہوں گا اور جس دن وہ کہیں گے کہ ان کو میری ضرورت نہیں ہے تو میں استعفی دے دوں گا اور ریاست کی ترقی کے لئے دن رات کام کروں گا ۔‘‘
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’مجھے کوئی کنفیوژن نہیں ہے، جب تک اعلی کمان نے مجھے یہ موقع دیا ہے میں اپنی پوری طاقت سے اس موقع کا اچھائی کے لئے استعمال کرنے کی کوشش کرتا رہا ہوں۔ باقی سب اعلی کمان پر منحصر ہے۔‘‘ متبادل قیادت کےسوال پر یدی یورپا نے کہا کہ ’’میں کسی کی تنقید نہیں کروں گا نہ ہی میں اس بات سے اتفاق کروں گا کہ ریاست میں متبادل قیادت نہیں ہے۔ ملک اور ریاست میں ہمیشہ متبادل اشخاص رہتے ہیں، لیکن جب تک اعلی کمان کا مجھ پر اعتماد ہے میں وزیر اعلی بنا رہوں گا۔‘‘
واضح رہے یہ پہلی مرتبہ ہے جب 78 سالہ یدی یورپا نے اس مسئلہ پر بہت کھل کر بات کی ہے۔ اس کی اہمیت اس لئے بھی ہے کیونکہ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کی باتیں ہو رہی ہیں۔ حال ہی میں بی جے پی نے اتراکھنڈ کے وزیر اعلی کو بدلا ہے اور اتر پردیش میں بھی قیادت کے سوال پر بی جے پی اور سنگھ کی قیدات کے مابین تبادلہ خیال ہو رہا ہے اور ذرائع ابلاغ میں طرح طرح کی باتیں ہو رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔