کیا لکھنؤ میں ٹرین کو پلٹنے کی ہوئی سازش! ٹریک پر رکھا نظر آیا پتھر اور درخت کی ڈالیاں، تحقیقات شروع

ملیح آباد ریلوے اسٹیشن کے پاس لوکو پائلٹ کی سمجھداری سے ایک بڑا حادثہ ہوتے ہوتے بچ گیا، انجن میں درخت کی ڈالی پھنسنے کے بعد انھوں نے فوراً ہی ٹرین کو روک دیا۔

<div class="paragraphs"><p>انڈین ریل، تصویر یو این آئی</p></div>

انڈین ریل، تصویر یو این آئی

user

قومی آواز بیورو

گزشتہ کچھ ماہ میں ہندوستان کے مختلف حصوں سے ٹرینوں کے پلٹنے اور ریلوے ٹریک پر پتھر یا کوئی دیگر شئے رکھے جانے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔ تازہ معاملہ اتر پردیش کے لکھنؤ میں پیش آیا ہے جہاں پٹری پر لکڑی کا بڑا ٹکڑا، چھوٹے چھوٹے پتھر رکھے گئے تھے۔ اس ریلوے ٹریک سے گزرنے والی بریلی سے وارانسی جا رہی ٹرین حادثہ کا شکار ہوتے ہوتے بچ گئی۔ بتایا جاتا کہ ٹریک پر درخت کی ڈالیاں بھی رکھی گئی تھیں جو کہ انجن میں پھنس گئی۔ اس وجہ سے ٹرین کا ایکسل کاؤنٹر ٹوٹ گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملیح آباد ریلوے اسٹیشن کے پاس لوکو پائلٹ کی سمجھداری سے بڑا حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ انجن میں درخت کی ڈالی پھنسنے کے بعد لوکو پائلٹ نے فوراً ہی ٹرین کو روک دیا۔ اس کے بعد انھوں نے اس واقعہ سے متعلق ریلوے کے افسران کو خبر دی۔ سینئر سیکشن انجینئر ریل روٹ ملیح آباد اجئے کمار نے پولیس میں اس کی شکایت بھی کر دی ہے۔ پولیس نے اس تعلق سے شکایت درج کر لی ہے اور تحقیقات بھی شروع ہو گئی ہے۔


ریلوے ٹریک پر درخت کی ڈالیاں اور پتھر کس نے لا کر رکھا، یہ جاننے کے لیے ریلوے اسٹیشن پر لگائے گئے تمام سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی جا رہی ہے۔ لگاتار سامنے آ رہے اس طرح کے واقعات سے ریلوے ملازمین کے بھی چیلنجز بڑھ گئے ہیں۔ تازہ معاملہ میں سینئر سیکشن انجینئر اجئے کمار نے پولیس تھانہ میں جو رپورٹ درج کرائی ہے، اس میں بتایا ہے کہ ٹریک پر ڈالی اور پتھر رکھا ہوا تھا جو بریلی سے وارانسی جانے والی ٹرین کے انجن میں پھنس گئی۔ اس وجہ سے ٹریک پر لگے سگنل ڈیوائس کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔ سگنل ڈیوائس کو نقصان ہونے سے اس روٹ پر آنے والی ٹرینوں کے آپریشن میں تھوڑی رکاوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے۔ جلد ہی ریلوے ملازمین اسے ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔