بلند شہر تشدد: کیا سیانہ انسپکٹر کو ایک فوجی نے شہید کیا!

بلند شہر تشدد معاملہ میں تفتیش کے دوران سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے، میڈیا رپورٹوں کے مطابق سیانہ میں ہوئے ہنگامے کے روز انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو ایک فوجی اہلکار نے گولی ماری تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

بلند شہر تشدد کے معاملہ میں ایس آئی ٹی اور ایس ٹی ایف کی تفتیش میں سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ ہندی روزنامہ امر اُجالا میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق سیانہ میں وبال اور آگزنی کے روز انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کس کی گولی سے ہلاک ہوئے ایک ویڈیو سے اس کا انکشاف ہو گیا ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ ویڈیو کے ذریعہ جس شخص کی حملہ آور کے طور پر شناخت کی گئی ہے وہ ہندوستانی فوج میں ملازمت کرتا ہے اور اس وقت جموں میں تعینات ہے۔ پولس فی الحال ملزم کی تلاش میں جموں تک پہنچ گئی ہے اور فوجی اہلکار کی یونٹ سے بھی بات کی گئی ہے۔

پولس نے واقعہ کے روز ریکارڈ کی گئی تقریباً 200 ویڈیو کی گہرائی سے جانچ کی اور اس بات کا پتہ لگانے کی کوشش کی گئی کہ تشدد کہاں سے شروع ہوا اور لوگوں کا ہجوم کس طرح مشتعل ہوا۔ انسپکٹر کو گولی کس نے ماری اس کے ساتھ مقامی نوجوان سمت کا قاتل کون ہے، جانچ افسران کو ایک اہم ویڈیو حاصل ہوا ہے جس میں ایک شخص بھیڑ میں موجود ہے اور گولی چلاتا ہوا نظر آ رہا ہے۔

جانچ کے بعد یہ معلوم ہوا کہ ویڈیو میں جو شخص گولی چلا رہا ہے وہ ایک فوجی اہلکار ہے اور اس وقت جموں میں تعینات ہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق اس شخص کا نام جیتوعرف فوجی ہے، جس کی چلائی گولی سے انسپکٹر سبودھ ہلاک ہوئے ہیں۔ ویڈیو میں فوجی کی شناخت کے بعد پولس نے بلند شہر واقع اس کے گھر پر چھاپے ماری کی۔ فوجی تو گھر پر نہیں ملا، لیکن اس کے بارے میں کچھ تفصیلات ضرور ملیں ہیں، اطلاعات کے مطابق فوجی چھٹی پر گھر آیا ہوا تھا لیکن ہنگامے کے بعد واپس جموں چلا گیا۔

جیتو عرف فوجی کی گرفتاری کے لئے جموں میں پولس کی ایک ٹیم روانہ ہو گئی ہے۔ سیانہ تھانہ کے تفتیشی افسر اور دیگر پولس افسران بھی جموں پہنچ گئے ہیں۔ پولس ذرائع کے مطابق فوجی جس یونٹ میں تعینات ہے وہاں کے افسران سے ان پولس والوں کی بات چیت ہوئی ہے۔ یونٹ نے پولس جانچ میں تعاون کرنے کے ساتھ فوجی کو پولس کے حوالے کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

اگر بلند شہر تشدد پر سلسلہ وار نظر ڈالی جائے تو یہ تشدد کوئی معمولی واقعہ نظر نہیں آتا بلکہ ایک منصوبہ بند سازش نظر آ رہی ہے۔

ایک فوجی کے پولس انسپکٹر کو گولی مارنے کے بعد کئی سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ چھٹی پر آئے فوجی نے انسپکٹر کو گولی کیوں ماری؟ کیا جیتو اور انسپکٹر میں کوئی دشمنی تھی؟ اگر جیتو نے انسپکٹر سبودھ کو گولی نہیں ماری تو وہ اسی رات جموں کیوں بھاگ گیا؟ کیا سمت کو بھی اسی نے گولی ماری ہے؟ یہ ایسے سوالات ہیں جن کے جواب فوجی کی گرفتاری سے ہی مل سکتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Dec 2018, 4:09 PM