خوشخبری! آج سے 200 نئی ٹرینوں کے لیے بکنگ شروع
ٹرینوں کے ٹکٹوں کی بکنگ 21 مئی یعنی آج صبح 10 بجے سے شروع ہو گئی ہے۔ ٹکٹوں کی بکنگ صرف آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعہ ہوگی۔
ملک میں کورونا بحران کے درمیان آج سے 200 ٹرینوں کے لیے بکنگ شروع ہو گئی۔ ٹکٹ بکنگ کا عمل آج صبح 10 بجے سے ہی شروع ہوا ہے۔ ریلوے نے مزدور اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ یکم جون سے 200 غیر اے سی ٹرینوں کو چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان ٹرینوں کی ٹکٹ کی بکنگ صرف آن لائن کی جا سکتی ہے۔ حالانکہ ابھی تک غیر اے سی ٹرینوں کو چلانے کی اجازت نہیں تھی۔
اس سے قبل ریلوے نے ٹوئٹ کر کے اس بات کی جانکاری دی تھی کہ یکم جون سے 200 ٹرینوں کو چلایا جائے گا۔ ریلوے نے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ "مزدور اسپیشل ٹرینوں کے علاوہ انڈین ریل یکم جون سے روزانہ 200 اضافی ٹرینوں کو چلانے کے لیے ٹائم ٹیبل جاری کرنے جا رہا ہے جو کہ غیر اے سی، سیکنڈ کلاس کی ٹرینیں ہوں گی اور ان ٹرینوں کے لیے ٹکٹ آن لائن ہی دستیاب ہوں گے۔
یہ ہے ٹرینوں کے تعلق سے گائیڈ لائن:
- ٹرین ٹکٹوں کی بکنگ 21 مئی یعنی آج صبح 10 بجے سے شروع ہو گئی ہے۔ پہلے ریلوے نے صرف غیر اے سی ٹرینوں کی بات کی تھی، لیکن ان ٹرینوں میں اے سی اور جنرل ڈبے بھی ہوں گے۔
- ٹکٹوں کی بکنگ صرف آئی آر سی ٹی سی کی ویب سائٹ یا ایپ کے ذریعہ ہوگی۔
- ریلوے کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان ٹرینوں میں آر اے سی اور ویٹنگ ٹکٹ بھی دستیاب ہوں گے۔ لیکن ویٹنگ ٹکٹ والوں کو ٹرین میں جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
- سفر کرنے والے سبھی مسافروں کی بورڈنگ اسٹیشن پر اسکریننگ کی جائے گی اور جن میں کورونا کی علامت نہیں ہوں گی صرف انہی مسافروں کو سفر کی اجازت دی جائے گی۔
- ٹرین کے اندر کمبل دستیاب نہیں کرائے جائیں گے۔ مسافروں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ سفر کے لیے گھر سے چادر اور کمبل لے کر چلیں۔
- سبھی مسافروں کو آروگیہ سیتو ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی فیس کور یا فیس ماسک بھی لازمی ہوگا۔
- مسافروں کو ٹرین کی روانگی کے وقت سے 90 منٹ پہلے اسٹیشن پر پہنچنا ہوگا۔ ٹکٹ کینسل کو لے کر ریلوے کے عام شرائط نافذ العمل ہوں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔