آئی آر سی ٹی سی معاملہ: تیجسوی اور رابڑی کی ضمانت منظور
رابڑی اور تیجسوی دونوں عدالت میں پیش ہوئے جہاں ایک ایک لاکھ کے بانڈ پر ایک ایک ضمانتی پر انہیں ضمانت دے دی گئی۔
بہار کی سابق وزیر اعلیٰ اور حزب اختلاف کے رہنما تیجسوی یادو کو آج بڑی راحت ملی ہے، آئی آر سی ٹی سی ٹینڈر معاملہ میں دہلی کی پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ان کی درخواست ضمانت منظور کر لی ہے۔ رابڑی اور تیجسوی دونوں عدالت میں پیش ہوئے جہاں ایک لاکھ کے بانڈ پر انہیں ضمانت دے دی گئی۔
رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو سماعت کے لئے دہلی میں موجود ہیں۔ جمعرات کو ہی سابق وزیر اعلی لالو پرساد یادو نے رانچی کی سی بی آئی عدالت میں خود سپردگی کی ہے۔ حالانکہ جیل میں لے جانے کے بعد انہیں رانچی کے اسپتال ریمس میں داخل کرا دیا گیا ہے۔
پٹیالہ ہاؤس کورٹ میں سماعت کے دوران سی بی آئی نے لالو پرساد یادو کو پیشی پر لانے کے لئے پروڈکشن وارنٹ کی درخواست کی جسے منظور کر لیا گیا، انہیں 6 اکتوبر کو پیشی کے لئے رانچی سے دہلی لایا جائے گا۔
سی بی آئی کی جانب سے چارج شیٹ دائر کرنے کے بعد پٹیالہ ہاؤس کورٹ نے ملزمان کو سمن بھیجا تھا۔ ملزمان میں لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو کے بھی نام ہیں۔ لالو یادو اس وقت ریمس میں ہیں اس لئے وہ پیش نہیں ہو سکے۔
واضح رہے 2006 میں جس وقت لالو پرساد یادو ریلوے کے وزیر تھے، رانچی اور پوری میں آئی آر سی سی ٹی کی طرف سے ایک ٹنڈر جاری کیا گیا۔ الزام ہے کہ ٹنڈر کے سلسلہ میں لالو کو ایک نجی کمپنی نے تین کروڑ کی مالیت کا ایک پلاٹ بطور رشوت دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 31 Aug 2018, 11:02 AM