ایودھیا میں بن رہی مسجد کے ڈیزائن سے اقبال انصاری ناخوش
اقبال انصاری نے مطالبہ کیا ہے کہ دھنّی پور مسجد تعمیر کے لیے تشکیل کردہ ٹرسٹ مسلمانوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ہندوستانی طرز کی مسجد تعمیر کرائے۔
بابری مسجد معاملہ میں اہم فریق رہے اقبال انصاری کو انڈو اسلامک کلچرل فاؤنڈیشن (آئی آئی سی ایف) کے ذریعہ تیار کردہ مسجد کا وہ ڈیزائن پسند نہیں آیا جو ایودھیا میں متنازعہ اراضی کی جگہ یو پی سنی وقف بورڈ کو دی گئی دھنّی پور واقع زمین پر بنانے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ اقبال انصاری کا کہنا ہے کہ دھنّی پور میں مجوزہ مسجد کا جو ڈیزائن تیار کیا گیا ہے وہ کسی بھی زاویہ سے اسلامی ثقافت یا مذہبی انفراسٹرکچر کو مدنظر رکھ کر نہیں بنایا گیا ہے۔
اقبال انصاری نے انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ سے بات چیت کے دوران گزشتہ دنوں دھنّی پور مسجد کے مجوزہ ڈیزائن پر اپنی یہ رائے ظاہر کی۔ انھوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں موجود مساجد کو مدنظر رکھ کر یہ ڈیزائن تیار کیا گیا ہے، لیکن ہم ہندوستان کے لوگ ہیں اور ہم ہندوستانی طرز پر مسجد کی تعمیر چاہتے ہیں۔ اقبال انصاری نے مطالبہ کیا کہ مسجد تعمیر کے لیے تشکیل کردہ ٹرسٹ مسلمانوں کے جذبات کی قدر کرتے ہوئے ہندوستانی طرز کی مسجد تعمیر کرائے۔
اقبال انصاری کا کہنا ہے کہ مسجد یا مندر کے ڈیزائن میں ایک تہذیب پوشیدہ ہوتی ہے اور دھنّی پور مسجد میں وہ تہذیب نظر نہیں آتی۔ انھوں نے کہا کہ اگر کوئی مندر بنایا جائے اور اس میں شیوالہ موجود نہ ہو تو اسے مندر نہیں مانا جا سکتا۔ اسی طرح مسجد کے ڈیزائن میں بھی اس بات کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے کہ نمازیوں کو روحانی سکون حاصل ہو اور انھیں محسوس ہو کہ وہ مسجد میں نماز ادا کر رہے ہیں۔ اقبال انصاری کے مطابق لوگ مسجد میں نماز ادا کرنے کے لیے پہنچتے ہیں، پکنک منانے کے لیے نہیں اور اس بات کا خیال ڈیزائن تیار کرنے میں رکھا جانا چاہیے تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔