دہلی میں بین الاقوامی تجارتی میلہ کا آغاز، ٹریفک جام سے بچنے کے لیے ایڈوائزری جاری
بین الاقوامی تجارتی میلہ 14 سے 27 نومبر تک جاری رہے گا جس میں روزانہ 60 ہزار افراد کی آمد متوقع ہے۔ عام عوام کو 19 نومبر سے داخلے کی اجازت ہوگی، ٹریفک جام سے بچنے کے لیے خصوصی ایڈوائزری جاری کی گئی ہے
نئی دہلی: 43واں ہندوستانی بین الاقوامی تجارتی میلہ آج یعنی 14 نومبر سے پرگتی میدان میں شروع ہونے جا رہا ہے۔ اس کا انعقاد 27 نومبر تک ہوگا۔ تجارتی میلے میں روزانہ 60 ہزار لوگوں کے آنے کا امکان ہے۔ چھٹیوں کے دوران یہ تعداد تقریباً ڈیڑھ لاکھ تک پہنچ جانے کے بھی آثار ہیں۔ تجارتی میلے کی وجہ سے 14 نومبر سے 27 نومبر تک متھرا روڈ، بھیروں مارگ، رِنگ روڈ، شیر شاہ روڈ اور پرانا قلعہ روڈ پر ٹریفک جام کا مسئلہ ہے۔ اس لیے ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری جاری کر دی ہے تاکہ لوگوں کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ٹریفک افسر کے مطابق پرگتی میدان کے آس پاس بہتر ٹریفک نظام کو یقینی کرنے کے لیے متھرا روڈ اور بھیروں مارگ پر کسی بھی گاڑی کو کہیں بھی رکنے یا پارک کرنے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ پولیس نے لوگوں کو آگاہ کیا ہے کہ جو لوگ تجارتی میلہ نہیں جا رہے ہیں، وہ پرگتی میدان کے نزدیک والی سڑکوں پر جانے سے بچیں۔
وہیں تجارتی میلہ میں آنے والے مہمانوں کو صلاح دی گئی ہے کہ وہ اپنی گاڑیاں بیسمینٹ پارکنگ نمبر-1 (بھیروں مارگ سے داخلہ و نکلنا اور رِنگ روڈ کی طرف سے آنے والی پرگتی سرنگ کے توسط سے) میں کر سکتے ہیں۔ بھیروں مندر پارکنگ، بھیروں روڈ، دہلی چڑیا گھر پارکنگ۔ وہیں پارکنگ نمبر-2 یعنی بھارت منڈپم کے نیچے پارک کر سکتے ہیں۔ داخلہ اور نکلنا پرانا قلعہ سے رِنگ روڈ کی طرف جانے والی پرگتی سرنگ سے ہے اور متھرا روڈ (انڈر پاس نمبر 4 اور گیٹ نمبر 8، آئی ٹی پی او کے پاس سے نکلنا) سے بھی داخل ہو سکتے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ تجارتی میلے میں 14 سے 18 نومبر تک تجارتی مہمانوں کو داخلہ دیا جائے گا جبکہ عام لوگوں کے لیے 19 سے 27 نومبر تک صبح ساڑھے نو بجے سے ساڑھے سات بجے شام تک یہاں آنے کی اجازت ہوگی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔