ماہی گیروں کو 10 لاکھ روپے کا انشورنس اور خواتین کو ایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض، کرناٹک میں راہل گاندھی کا وعدہ
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’مچھلیوں کی آبادی کم ہو رہی ہے، اس کی لاگت بڑھ رہی ہے، اس وجہ سے مچھلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے، ایسے میں ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں، آپ کو کچھ راحت دینا چاہتے ہیں۔‘‘
کرناٹک اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے جمعرات کو کرناٹک کے اڈوپی ضلع واقع کاپو میں انتخابی تشہیر کے دوران کچھ اہم وعدے کیے۔ انھوں نے انتخابی تشہیر کے دوران ماہی گیر طبقہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست میں کانگریس کی حکومت بنی تو ماہی گیروں کے لیے 10 لاکھ روپے کے انشورنس کا انتظام کیا جائے گا۔ ساتھ ہی یہ بھی وعدہ کیا کہ مچھلی پکڑنے والی خواتین کو ایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض دیا جائے گا اور ساتھ ہی 500 لیٹر ڈیزل پر 25 روپے فی لیٹر کے حساب سے سبسیڈی دیا جائے گا۔
راہل گاندھی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ بدعنوانی اور مہنگائی کی وجہ سے ماہی گیروں کو بہت نقصان ہو رہا ہے۔ حالات ایسے ہو گئے ہیں کہ ماہی گیروں کے لیے بینک سے قرض حاصل کرنا دشوار ہو گیا ہے۔ راہل گاندھی نے ماہی گیروں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’مچھلیوں کی آبادی کم ہو رہی ہے، اس کی لاگت بڑھ رہی ہے۔ اس وجہ سے مچھلی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں ہم آپ کی مدد کرنا چاہتے ہیں اور آپ کو کچھ راحت دینا چاہتے ہیں۔‘‘
راہل گاندھی نے کہا کہ وہ ماہی گیروں کے لیے تین چیزیں کرنا چاہتے ہیں۔ پہلا یہ کہ ماہی گیروں کو 10 لاکھ روپے کا انشورنس کور دیا جائے، دوسرا مچھلی پکڑنے والی خواتین کو ایک لاکھ روپے کا بلاسودی قرض فراہم کیا جائے، اور تیسرا روزانہ 500 لیٹر تک ڈیزل کے لیے 25 روپے فی لیٹر سبسیڈی دینا چاہتے ہیں۔ راہل گاندھی نے ماہی گیروں کو بھروسہ دلایا کہ وہ کانگریس کی حکومت بنتے ہی پہلی کابینہ میٹنگ میں اس کو نافذ کر دیں گے۔
واضح رہے کہ راہل گاندھی نے کرناٹک اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پہلے ہی چار اہم ’گارنٹی‘ کا اعلان کیا ہوا ہے۔ انھوں نے ریاست میں برسراقتدار ہونے پر سبھی گھروں کو ’گرہ جیوتی یوجنا‘ کے تحت 200 یونٹ مفت بجلی، ہر کنبہ کی خاتون سرپرست کو ’گرہ لکشمی یوجنا‘ کے تحت 2000 روپے ماہانہ مدد، ’اَنّ بھاگیہ یوجنا‘ کے تحت بی پی ایل کنبہ کے ہر رکن کو 10 کلو چاول مفت، گریجویٹ نوجوانوں کے لیے ہر ماہ 3000 روپے اور ڈپلومہ ہولڈرس کے لیے 1500 روپے دو سال کے لیے دینے کا اعلان کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔