آئی این ایس وکرانت آج بحریہ کے بیڑے میں ہوگا شامل، وزیر اعظم مودی کریں گے قوم کے نام وقف
وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کے روز یہاں پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس (انڈین نیول شپ) وکرانت کو قوم کے نام وقف کریں گے، جس کے ساتھ ہی یہ باضابطہ طور پر بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔
کوچی: وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کے روز یہاں پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس (انڈین نیول شپ) وکرانت کو قوم کے نام وقف کریں گے، جس کے ساتھ ہی یہ باضابطہ طور پر بحریہ کے بیڑے میں شامل ہو جائے گا۔
وکرانت ہندوستان میں بنایا گیا اب تک کا سب سے بڑا جنگی جہاز ہے اور اسے بنانے میں 20 ہزار کروڑ سے زیادہ کی لاگت آئی ہے۔ یہ ہندوستانی بحریہ کے لیے پہلا مقامی طور پر ڈیزائن اور بنایا ہوا طیارہ بردار بحری جہاز بھی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بحریہ کے پاس دو طیارہ بردار بحری جہازہوگئے ہیں اور اس کی فائر پاور کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ اس طیارہ بردار بحری جہاز کی تعمیر کے ساتھ ہی ہندوستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو طیارہ بردار بحری جہاز بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس جہاز میں استعمال ہونے والا 76 فیصد سامان گھریلو کمپنیوں کے ذریعہ بنایاگیا ہے۔
وزیر اعظم نئے بحری پرچم (نشان) کی نقاب کشائی بھی کریں گے، جو نوآبادیاتی ماضی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ہندوستان کی سمندری وراثت کی علامت بنے گا۔
بحریہ کے وارشپ ڈیزائن بیورو (ڈبلیو ڈی بی) کے ذریعہ ڈیزائن کیا گیا اور بندرگاہوں، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کی وزارت کے تحت ایک پبلک سیکٹرکے شپ یارڈ میسرس کوچین شپ یارڈ لیمیٹڈ (سی ایس ایل) کے ذریعہ بنایا گیا، دیسی طیارہ بردارجہاز کا نام اس کے شاندارپچھلے- ہندوستان کے پہلے طیارہ بردار بحری جہازکے نام پر رکھا گیا- جس نے 1971 کی جنگ میں کلیدی کردار ادا کیاتھا۔
وکرانت کا مطلب ہے فاتح اور بہادر، ممتاز۔ اس کی بنیاد یعنی اسے بنانے کا عمل اپریل 2005 میں روایتی اسٹیل کٹنگ کے ساتھ مضبوطی سے رکھا گیا تھا۔
262 میٹر لمبا اور 62 میٹر چوڑا وکرانت تقریباً 43000 ٹن وزن لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے جو ایک بار 7500 سمندری میل کا فاصلہ طے کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 28 سمندری میل فی گھنٹہ ہے۔ جہاز میں تقریباً 2200 کمپارٹمنٹس ہیں اور اس میں 1600 میرینز کوتعینات کیاجاسکتا ہے، جن میں خواتین افسران اورسیلرس کے لئے خصوصی کیبن بھی شامل ہیں۔ طیارہ بردار بحری جہاز میں جدید ترین طبی آلات کی سہولیات کے ساتھ جدید ترین میڈیکل کمپلیکس ہے جس میں ماڈیولر آپریشن تھیٹر، ایمرجنسی ماڈیولر آپریشن تھیٹر، فزیو تھراپی کلینک، آئی سی یو، لیبارٹریز، سی ٹی اسکینر، ایکس رے مشین، ڈینٹل کمپلیکس، آئسولیشن وارڈ اور ٹیلی میڈیسن کی سہولیات وغیرہ شامل ہیں۔
اس طیارہ بردار بحری جہاز سے مقامی طور پر ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر (اے ایل ایچ) اور لائٹ کامبیٹ ایئرکرافٹ (ایل سی اے) (بحریہ ) کے علاوہ مگ-29 لڑاکو جہاز، ماموو-31، ایم ایچ-60 آر کثیرالمقاصد ہیلی کاپٹروں سمیت 30 سے زیادہ طیاروں کا آپریشن کیاجاسکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔