پہلی تاریخ سے لوگوں کی جیب پر ’مہا مہنگائی‘ کا ڈاکہ: کانگریس

سرجے والا نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئےکہا کہ مہینے کی پہلی تاریخ کے ساتھ ہی حکومت نے لوگوں کی جیب پر مہامہنگائی کا ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے، لوٹو اور کماؤ۔

سرجےوالا / آئی اے این ایس
سرجےوالا / آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس پارٹی نے مہنگائی کے حوالہ سے مودی حکومت پر ایک مرتبہ پھر حملہ بولا ہے۔ پارٹی کے مطابق یکم تاریخ شروع ہوتے ہی لوگوں کی جیب پر عظیم مہنگائی (مہا مہنگائی) کا ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری اور ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کے لئے مودی حکومت کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے کہا کہ مہینے کی پہلی تاریخ کے ساتھ ہی حکومت نے لوگوں کی جیب پر مہامہنگائی کا ڈاکہ ڈالنا شروع کر دیا ہے، لوٹو اور کماؤ۔

سرجے والا نے گیس سلنڈر کی قیمت کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات سے قبل اور انتخابات کے بعد ہمیشہ ہی مہنگائی رہی ہے۔ انہوں نے مرکز میں برسراقتدار بی جے پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس کا علاج صرف اور صرف بی جے پی کی ہار ہے۔


خیال رہے کہ یوکرین میں جاری بحران کے درمیان یکم مارچ سے کمرشل ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ سلنڈر کے دام 105 روپے بڑھ گئے ہیں۔ 19 کلوگرام والا ایل پی جی سکنڈر یکم مارچ سے دہلی میں 1907 روپے کے بجائے 2012 روپے میں ملے گا۔ جبکہ کولکاتا میں اس کی قیمت 1987 روپے سے بڑھ کر 2095 اور ممبئی میں 1857 سے بڑھ کر 1963 روپے ہو گئی ہے۔

دوسری جانب یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پانچ ریاستوں کے انتخابات ختم ہوتے ہی گھریلو ایل پی جی سلنڈر بھی مہنگا ہو سکتا ہے۔ ملک میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لئے ایل پی جی سلنڈر کے دام ہر مہینے ترمیم کئے جاتے ہیں۔ اسی ضمن میں کانگریس پارٹی نے مودی حکومت پر حملہ بولا ہے۔ تاہم، گھریلو ایل پی جی سلنڈر کے داموں میں 6 اکتوبر 2021 کے بعد سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے۔ دریں اثنا، خام تیل کے دام 102 ڈالر فی بیرل تک جا پہنچے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔